سی ایس ایس کا امتحان کیبنٹ ڈویژن نے’’ اسکریننگ ٹیسٹ‘‘ لینے سے روک دیا

صفدر رضوی  منگل 16 جولائی 2013
   سول سروس کا امتحان دینے کے لیے کم سے کم عمرکی مقررہ حد 21 سال کو ختم کرنے کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہ کرنے کے احکامات جاری
. فوٹو: فائل

سول سروس کا امتحان دینے کے لیے کم سے کم عمرکی مقررہ حد 21 سال کو ختم کرنے کے فیصلے پر بھی عملدرآمد نہ کرنے کے احکامات جاری . فوٹو: فائل

کراچی:  کیبنٹ ڈویژن نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو سی ایس ایس(سول سروس) کے امتحان سے قبل ’’رجحان ٹیسٹ‘‘کے طور پر ملکی تاریخ میں پہلی بارمتعارف کروا ئے گئے’’ اسکریننگ ٹیسٹ ‘‘ لینے سے روک دیا ہے۔

جبکہ سول سروس کا امتحان دینے کے لیے کم سے کم عمرکی مقررہ حد 21 سال کو ختم کرنے کے فیصلے پر بھی فی الحال عملدرآمدنہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ’’ ایکسپریس ‘‘ کو معلوم ہوا ہے کہ منظوری کے بغیر اہم فیصلوں پر عملدرآمد پر کیبنٹ ڈویژن نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن سے باقاعدہ اعتراض کیا، کیبنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو آگاہ کرتے ہوئے پیر سے ملک بھر میں اسکریننگ ٹیسٹ کے جاری ہونے والے فارم کا اجرا رکوادیا ہے۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے کچھ عرصے قبل پاکستان کی اعلیٰ بیوروکریسی سے منسلک ہونے کے لیے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارسول سروس (سی ایس ایس) کے امتحان سے قبل اسکریننگ ٹیسٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا باقاعدہ اعلان بھی کردیاگیا تھا ،اس فیصلے کے تحت پورے پاکستان میں سول سروس کا امتحان دینے والے امیدواروں کواسکریننگ ٹیسٹ کے مرحلے سے گزرنا تھا ،شیڈول کے تحت یہ ٹیسٹ ستمبرمیں منعقد ہونے ہیں اورسول سروس کے امتحان میں شرکت کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی لازمی قراردے دی گئی تھی،ملک بھر سے اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدوارہی فروری 2014میں ہونے والے سی ایس ایس کے امتحان میں شرکت کے اہل قراردیے گئے تھے، اس سلسلے میں ملک بھرمیں اسکریننگ ٹیسٹ کے فارم پیرسے جاری کیے جانے تھے ۔

تاہم فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے اس حالیہ اوراپنی نوعیت کے غیرمعمولی فیصلے کا منظوری کے بغیراطلاق کیے جانے پراعتراض کرتے ہوئے کیبنٹ ڈویژن نے اس فیصلے پرعملدرآمدروک دیا ، مزیدبراں کیبنٹ ڈویژن نے سی ایس ایس کے امتحان میں شرکت کے لیے عمرکی مقررکردہ کم سے کم حد کوختم کرنے کے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے فیصلے پربھی اعتراض کیااورفیصلے کی بھی منظوری نہیں دی گئی ہے، واضح رہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ اسکریننگ ٹیسٹ کاپرچہ 200مارکس جبکہ انگریزی، جنرل ایبیلیٹی ،جنرل نالج،(روزمرہ سائنس، حالات حاضرہ،پاکستان افیئرز) کے علاوہ اسلامیات پرمشتمل ہوناتھا۔

اس پرچے کا امتحان 15ستمبرکولیاجانا تھا3 گھنٹے کا پرچہ ایم سی کیوزپرمشتمل ہونا تھا ’’ایکسپریس‘‘ نے اس سلسلے میں جب کراچی میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ’’پرووینشل ہیڈ‘‘ عتیق احمد سے رابطہ کیا تو ان کاکہنا تھا کہ کیبنٹ ڈویژن نے منظوری کے بغیر مذکورہ فیصلوں پر عملدرآمد روک دیا ہے، ان کاکہنا تھا کہ ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ان فیصلوں کی منظوری دے دی جا ئے گی یا دونوں فیصلوں کو مستقل بنیادوں پر رد کردیا جائے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔