اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، شیئرز کی مالیت میں 56 ارب کا اضافہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 15 جنوری 2019
تیزی کے سبب68فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں فوٹو: فائل

تیزی کے سبب68فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں فوٹو: فائل

 کراچی: منی بجٹ میں کاروبار کو آسان بنانے اوربرآمدی شعبوں کی ان پٹ لاگت میں کمی کے اقدامات کے علاوہ حصص کی خریدوفروخت پر عائد ٹرن اوور ٹیکس ختم یاکم کرنے کی توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیرکو تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی 39100، 39200، 39300 اور 39400 پوائنٹس کی 4حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب68فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں56ارب 11کروڑ 85لاکھ48 ہزار 70 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کاکہنا تھاکہ منی بجٹ میں فرٹیلائیزر سیکٹر پر جی آئی ڈی سی ختم ہونے کی توقع اور حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے اجازت دیے جانے سے فرٹیلائیزر اور فارما سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مارکیٹ پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

یہی وجہ ہے کہ ایک موقع پر انڈیکس میں 455 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا لیکن اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 363اعشاریہ 47پوائنٹس کے اضافے سے 39412اعشاریہ55 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 188اعشاریہ 58پوائنٹس کے اضافے سے 188803 اعشاریہ72، کے ایم آئی30 انڈیکس 631اعشاریہ12 پوائنٹس کے اضافے سے 66542 اعشاریہ37 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 143اعشاریہ52 پوائنٹس کے اضافے سے19202اعشاریہ16 ہوگیا۔

کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 6اعشاریہ67 فیصدکم رہا اور مجموعی طور پر 11کروڑ 53لاکھ26 ہزار 650حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار 356 کمپنیوں  کے حصص تک محدود رہا جن میں 241کے بھاؤ میں اضافہ93 کے داموں میں کمی اور22کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سینوفی ایونٹیزکے بھاؤ40روپے02پیسے بڑھ کر858 روپے اور سروس انڈسٹری کے بھاؤ23روپے35پیسے بڑھ کر 815روپے ہوگئے جبکہ سفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ 43 روپے 78پیسے کم ہوکر 1300روپے23 اور ملت ٹریکٹرزکے بھاؤ29روپے24پیسے کم ہو کر 774روپے85پیسے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔