سیکیورٹی ادارے امن و امان کے قیام میں ناکام ہو گئے، سینیٹ کمیٹی

نمائندہ ایکسپریس  منگل 16 جولائی 2013
پولیس میں دہشت گردی کامقابلہ کرنیکی صلاحیت نہیں،سابق آئی جی،سانحہ نانگاپربت سے سیاحت کونقصان پہنچا،چیف سیکریٹری فوٹو: فائل

پولیس میں دہشت گردی کامقابلہ کرنیکی صلاحیت نہیں،سابق آئی جی،سانحہ نانگاپربت سے سیاحت کونقصان پہنچا،چیف سیکریٹری فوٹو: فائل

اسلام آ باد:  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ اموراورکشمیرگلگت بلتستان نے نانگاپربت میں چینی سیاحوں کی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان قائم کرنے میںسیکیورٹی ادارے ناکام ہوچکے ہیں سابق آئی جی پولیس گلگت بلتستان نے کہاکہ پولیس کے پاس وسائل نہیں ہیں کہ وہ دہشت گردوں کامقابلہ کرسکے۔

پاکستان میں جی ایچ کیو،مہران اور کامرہ بیس اورسری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملے ہوئے ہیں یہ ہمارے سیکیورٹی اداروںکی ناکامی ہے پیرکو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ کشمیراورگلگت بلتستان کااجلاس چیئرمین سینیٹرحاجی عدیل کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوااجلاس میں اراکین کمیٹی وفاقی وزیر امور کشمیر اور وزارت کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نانگاپربت واقعے پربریفنگ لی گئی اورپانی کی قلت کے معاملے کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سابق آئی جی گلگت بلتستان عثمان ذکریا نے بتایاکہ چینی سیاحوں کے بارے میں پولیس کوکوئی اطلاع نہیں دی گئی اورپولیس میں دہشتگردوں کامقابلہ کرنیکی صلاحیت نہیں ہے اس پروفاقی وزیرچوہدری برجیس طاہرنے کہاکہ پولیس افسروں کاتبادلہ میری مشاورت کے بغیر کیا گیا ملک کو دہشتگردی کابڑاچیلنج درپیش ہے حکومت اس پرسنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ رکن کمیٹی مشاہدحسین نے کہاکہ پاکستان میں امن و امان قائم نہ ہواتوچین بھی تعاون نہیں کریگا۔

گوادر پورٹ 8,7 سال تک نہ چلاناحکومت کی کوتاہی ہے۔ رکن کمیٹی جہانگیر بدر نے کہاکہ نانگاپربت کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے کمیٹی وہاں کادورہ کریگی۔ وزیراعظم گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین ہیں اسلیے کونسل کااجلاس بلائیں۔ اے پی پی کے مطابق کمیٹی کو چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس واقعے کے رونما ہونے سے لیکرآج تک کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیااورکہاکہ واقعے سے سیاحت کو نقصان پہنچا۔ قائمہ کمیٹی نے غیرملکی سیاحوں کے قتل کی شدید مذمت کی اورکہاکہ اس واقعے سے پاکستان کی عالمی سطح پرساکھ خراب ہوئی ہے، دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلیے نیشنل کائونٹرٹیررازم اتھارٹی کوفعال کیاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔