آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، کوئی پاکستانی بیٹسمین ٹاپ 10 میں شامل نہیں

اسپورٹس رپورٹر  منگل 15 جنوری 2019
بابر اعظم 5 درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر آگئے، فوٹو: فائل

بابر اعظم 5 درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر آگئے، فوٹو: فائل

دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہ بنا سکا جب کہ گرین کیپس کے خلاف اچھی کارکردگی نے جنوبی افریقی بلے بازوں کی درجہ بندی کو بہتر بنادیا۔

بابر اعظم 5 درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر آگئے،ویرات کوہلی، کین ولیمسن،  چتیشور پجارا، سٹیون سمتھ، جوئے روٹ،  ڈیوڈ وارنر، ہینری نکولز، ایڈن مارکرام،  کرونا رتنے کیساتھ پاکستان کیخلاف  سیریز میں بہتر کارکردگی کی بدولت ہاشم آملہ بھی تین درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 10میں شامل ہوئے ہیں، کوئنٹن ڈی کک 12 درجے ترقی پاکر 14 ویں اور بابر اعظم پانچ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے 20 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، اسد شفیق 23 ویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ سیریز؛ اظہرعلی کی فارم غفلت کی نیند سوئی رہی

بولرز رینکنگ میں پاکستان کے محمد عباس ایک درجہ تنزلی کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئے ہیں، پروٹیز بولر اولیور نے 8 درجے چھلانگ لگاتے ہوئے 24 ویں پوزیشن حاصل کی، محمد عامر 3 درجے بہتری کے ساتھ 31 ویں نمبر پر ہیں،  فہیم اشرف 48 درجہ بہتری کے ساتھ 58 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

شاداب خان 23 درجے بہتری کے ساتھ 78 ویں نمبر پر ہیں۔ ٹاپ 10 بولرز میں کاگیسو ربادا،  جیمز اینڈرسن، ورنون فلینڈر، پیٹ کمنز، رویندرا جڈیجا،  ٹرینٹ بولٹ، محمد عباس، ٹم سائوتھی،  ایشون اور جیسن ہولڈر شامل ہیں۔

آل رائونڈرز میں شکیب الحسن سرفہرست ہیں اور کوئی پاکستانی ٹاپ 5 میں شامل نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔