جامعہ الازھر میں بوائے فرینڈ سے گلے ملنے والی لڑکی کا منسوخ داخلہ بحال

ویب ڈیسک  منگل 15 جنوری 2019
گلے لگنے پر لڑکی کا داخلہ منسوخ کردیا گیا تھا، فوٹو: اسکرین گریب

گلے لگنے پر لڑکی کا داخلہ منسوخ کردیا گیا تھا، فوٹو: اسکرین گریب

قاہرہ: مصر کی جامعہ الازھر میں سرِ عام بوائے فرینڈ سے گلے لگنے والی لڑکی کا منسوخ شدہ داخلہ بحال کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامک اسٹیڈیز کی طالبہ کو 2 روز قبل یونیورسٹی کے احاطے میں دوست کو پرُجوس معانقہ  کرنے پرجامعہ سے برخاست کردیا گیا تھا، اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر زبردست طوفان برپا ہوا اور یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد وزیر تعلیم و سائنسی تحقیق خالد عبدالغفار نے یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ حکام سے بات کرکے سزا میں کمی لانے میں پورا تعاون اور کردار ادا کریں گے، وزیر تعلیم کے نوٹس لینے پر جامعہ کی ڈسپلنری کمیٹی نے طالبہ  پر عائد 2 سال کی پابندی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے لیا۔

کمیٹی نے طالبہ کی سزا میں کمی کرتے ہوئے داخلہ بحال کردیا تاہم ایک سمسٹر کے امتحان سے اسے باہر رکھا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بوائے فرینڈاپنی دوست کو سرپرائز سالگرہ کا تحفہ دیتا ہے ، لڑکا گھٹنوں کے بل بیٹھ کر سرِ عام لڑکی کو شادی کی پیشکش کرتا ہے جسے لڑکی قبول کرتی ہے اور خوشی کے مارے دونوں لپٹ جاتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔