فصلوں کو خشک سالی اور جراثیم سے بچانے والا ‘ ٹماٹر پرفیوم ‘ تیار

ویب ڈیسک  جمعرات 17 جنوری 2019
ٹماٹروں میں عام پائے جانے والے کیمیکل کا اسپرے پودوں کو خشک سالی اور انفیکشن سے محفوظ رکھ سکتا ہے (فوٹو: فائل)

ٹماٹروں میں عام پائے جانے والے کیمیکل کا اسپرے پودوں کو خشک سالی اور انفیکشن سے محفوظ رکھ سکتا ہے (فوٹو: فائل)

میڈرڈ: ہسپانوی ماہرین نے ٹماٹر کے ذریعے ایک منفرد اسپرے تیار کیا ہے جو فصلوں کو انفیکشنز اور خشک سالی سے بچانے میں موثر ثابت ہوا ہے۔

جرنل فرنٹیئر ان پلانٹ سائنس میں شائع تحقیقی رپورٹ کے مطابق اسپین کے ماہرین نے کئی اقسام کی فصلوں کو خشک سالی اور بیکٹیریا سے محفوظ رکھنے کا ایک نسخہ دریافت کیا ہے جو ٹماٹروں سے ملا ہے۔ ٹماٹروں میں پایا جانے والا ایک کیمیکل ’ہیگسانائل بیوٹریٹ (ایچ بی)‘ عام دستیاب ہے۔ مصنوعی ایچ بی کا اسپرے کرکے اجناس کی فصلوں کو کئی انفیکشنز اور خشک سالی سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

پودوں میں قدرتی طور پر ٹرانسپائریشن کا عمل ہوتا ہے جس میں بطورِ خاص پتے پر موجود باریک مساموں سے پودوں کا پانی خارج ہوتا ہے اور عین اسی طریقے سے اطراف کی کاربن ڈائی آکسائیڈ اندر جاتی ہے جس سے ضیائی تالیف (فوٹوسنتھےسز) کے عمل کو ممکن بنانے میں مدد ملتی ہے۔

تاہم فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی زیادتی سے ٹماٹروں میں ایچ بی کی زیادہ افزائش نوٹ کی گئی ہے یعنی یہ کیمیکل ٹماٹر کے پودوں کے سوراخوں (اسٹومیٹا) کو زیادہ دیر کھلے رہنے سے بچاتا ہے اور یوں پودے کا پانی ایک حد تک برقرار رہتا ہے۔ اس طرح پودے کے مسام بند ہونے سے خود جراثیم اور بیکٹیریا اس پر حملہ آور نہیں ہوپاتے۔

اب اسی طریقے کو دیکھتے ہوئے اسپین کے مرکز برائے پلانٹ مالیکیولر اینڈ سیلولر بایالوجی کے ماہرین نے مصنوعی طور پر ایچ بی تیار کیا ہے اور اسے ٹماٹر، تمباکو، مکئی، رس دار کھٹے پھلوں کے پودوں پر چھڑکا ہے۔

اس کے بعد نوٹ کیا گیا کہ جن پودوں پر اسپرے کیا گیا تھا عام پودوں کے مقابلے میں وہ کم پانی پر بھی زندہ رہے اور کئی خطرناک جراثیم سے بھی محفوظ رہے جن میں سوڈوموناس سائرنجی بیکٹٰیریا سرِ فہرست ہے۔ اس مؤثر اور بے ضرر مرکب کی تیاری بہت کم خرچ اور آسان ہے۔

ماہرین نے اس کی معمولی مقدار استعمال کی ہے کیونکہ زیادہ مقدار سے خود پودا نشوونما نہیں پاسکتا۔ اسی طریقے کو استعمال کرتے ہوئے کسان فصلوں کے پکنے کا عمل بھی طویل کرسکتے ہیں۔ اس طرح مارکیٹ کی طلب کے تحت پھل اور سبزیوں کی کاشت کرسکتے ہیں۔

تحقیقی ٹیم کا کہنا ہے کہ ایچ بی اسپرے سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ اس سے پھل اور اناج کو بہتر بنایا جاسکتا ہے، انہیں کئی امراض اور انفیکشن سے بچایا جاسکتا ہے اور کم خرچ انداز میں فصلوں کے تیار ہونے کا وقفہ بڑھایا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔