’’لوٹ مار کی عادت‘‘ شیشہ بار پر چھاپہ، مشروب کے کین اٹھانے والے 4 پولیس اہلکار معطل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 جنوری 2019
اہلکاروں کا عمل شرمندگی کا باعث بنا، سوہائے عزیز
 فوٹو : فائل

اہلکاروں کا عمل شرمندگی کا باعث بنا، سوہائے عزیز فوٹو : فائل

 کراچی:  ڈی آئی جی ساؤتھ زون شرجیل کھرل نے کلفٹن کے ریسٹورنٹ میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے مشروبات کے کین نکال کر پینے کی اطلاع کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو انکوائری کا حکم دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کلفٹن کی مبینہ سرپرستی میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں شیشہ بار چلنے کی اطلاع پر ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز کی جانب سے چھاپہ مارا گیا، ایس ایس پی ساؤتھ زون پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل 13 جنوری کو ضلع ساؤتھ پولیس نے ایک ریسٹورنٹ میں چلنے والے شیشہ بار کی اطلاع پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے پولیس کو بڑی مقدار میں تمباکو اور شیشہ برآمد ہوا تھا، خفیہ طور پر شیشہ بار چلائے جانے پر پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ ایس پی کلفٹن کی جانب سے پرائیویٹ پولیس پارٹی چلائے جانے کی خبر بے بنیاد ہے تاہم چھاپہ مار کارروائی کے دوران 4 پولیس اہلکاروں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مذکورہ ریسٹورنٹ کے کاؤنٹر سے مشروب کے کین اٹھائے تھے جس سے ان کی بدنیتی سامنے آئی اور جب مذکورہ واقعے کی فوٹیج منظر عام پر آئی تو ان چاروں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا، ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پولیس اہلکاروں کا یہ عمل شرمندگی کا باعث بنا ہے، اعلیٰ افسران نے اطلاع ملتے ہی انھیں معطل کر دیا ہے اور ایس ایس پی ساؤتھ ان اہلکاروں سے تحقیقات کر کے اس کی رپورٹ اعلیٰ افسران کو ارسال کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔