چیف الیکشن کمشنر نے 6 اگست کو صدارتی انتخاب کرانے کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  منگل 16 جولائی 2013
صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ 6 اگست کو ہو گی اور سرکاری نتائج کا اعلان 7 اگست کو کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ 6 اگست کو ہو گی اور سرکاری نتائج کا اعلان 7 اگست کو کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے 6 اگست کو صدارتی انتخاب کرانے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے لئے مجوزہ شیڈول منظوری کے لئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کو بھیجا تھا جنہوں نے اس کی منظوری دے دی، جس کے مطابق صدارتی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے، 26 جولائی کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی، کوئی بھی امیدوار 29 جولائی کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکے گا جبکہ صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ 6 اگست کو ہو گی اور سرکاری نتائج کا اعلان 7 اگست کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ صدرآصف علی زرداری کےعہدے کی مدت 9 ستمبر 2013 کوختم ہورہی ہے، آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر کے عہدے کی مدت ختم ہونے سے 30 روز قبل صدارتی انتخاب کا انعقاد ضروری ہے جبکہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔