ایف آئی اے کے خصوصی یونٹ نےبجلی چوری روکنے کیلئے اختیارات مانگ لئے

ویب ڈیسک  منگل 16 جولائی 2013
 5 دن گزرنے کے بعد بھی ایف آئی اے کو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا اختیار نہیں مل سکا، فوٹو: فائل

5 دن گزرنے کے بعد بھی ایف آئی اے کو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا اختیار نہیں مل سکا، فوٹو: فائل

اسلام آ باد: وفاقی تحقیقاتی ادارے میں قائم کئے گئے خصوصی یونٹ نے بجلی چوروں کے خلاف موثر کارروائی کے لئے وزارت داخلہ سے اختیارات مانگ لئے.

حکومت نے ملک میں بجلی چوری روکنے اور اس میں شامل افراد کو منظر عام پر لانے کے لئے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے میں خصوصی یونٹ قائم کیا ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی بھی اقدام ان کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ جس کے باعث یہ یونٹ اب تک کام شروع نہیں کرسکا۔ ایف آئی اے کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی ایف آئی اے کے شیڈول میں شامل نہیں ، اس سلسلے میں کارروائی کے لئے ان کے ادارے کو وزارت داخلہ کی جانب سے خصوصی اختیارات تفویض کئے جائیں۔

وزارت داخلہ بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بجلی چور تیکنیکی انداز میں اس قومی دولت کو لوٹ رہے ہیں جن کا پردہ چاک کرنے کے لئے انہیں 2 ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی جائیں تاکہ موثر کارروائی کرکے ملک کو اس بحران سے نکالا جاسکے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 9 جولائی کو وزارت داخلہ کے دورے کے بعد بجلی چوروں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے ایف آئی اے میں حسین اصغر کی سربراہی میں ایک یونٹ قائم کیا تھا مگر 5 دن گزرنے کے بعد بھی ایف آئی اے کو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا اختیار نہیں مل سکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔