باکمال لوگ لاجواب سروس؛ پی آئی اے کی ایئرہوسٹس اسمارٹ فونز اسمگل کرتے ہوئے گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 16 جولائ 2013
مارکیٹ میں ان میں سے ہر فون 70 ہزار روپے تک کا ہے اور ہر فون کا ٹیکس 60 ڈالرز ہے، کسٹمز حکام  فوٹو: فائل

مارکیٹ میں ان میں سے ہر فون 70 ہزار روپے تک کا ہے اور ہر فون کا ٹیکس 60 ڈالرز ہے، کسٹمز حکام فوٹو: فائل

اسلام آباد: پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس کو لندن سے لاکھوں روپے مالیت کے جدید اسمارٹ فونز اسمگل کرتے ہوئے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔

لندن سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 کی ایئر ہوسٹس نصرت کے سامان سے لاکھوں روپے مالیت کے 48 اسمارٹ فونز برآمد ہوئے جس پر اسے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ قواعد کے تحت کوئی بھی شخص صرف اپنے زیر استعمال فون ہی بیرون ملک سے لاسکتا ہے، ایئر ہوسٹس سے ملنے والے ہر موبائل فون کی اوسط قیمت 70 ہزار روپے تک ہے جب کہ ہر فون پر درآمدی ٹیکس 60 ڈالرز تک وصول کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 14 جون کو بھی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس کو منشیات برآمد ہونے پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔