نوابشاہ، لینڈ مافیا نے مسجد شہید کر دی، پیش امام اور نمازیوں پر تشدد

نامہ نگار  منگل 16 جولائی 2013
لینڈ مافیا کے کارندے جدید اسلحہ سے شدید فائرنگ کرتے رہے جس سے علاقے میں  خوف و ہراس پھیل گیا۔

لینڈ مافیا کے کارندے جدید اسلحہ سے شدید فائرنگ کرتے رہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

نوابشاہ:   لینڈ مافیا نے مسجد پر ہلہ بول دیا، تراویح پڑھنے والے افراد اور پیش امام کو تشدد کا نشانہ بناکر باہر نکال دیا۔

قرآن پاک کی بے حرمتی، مسجد شہید کردی، واقعے کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج، سانگھڑ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ و دھرنا، ٹائر نذر آتش۔ لینڈ مافیا کے مسلح کارندے جدید اسلحے سے شدید فائرنگ کرتے رہے، ایک ملزم گرفتار ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب نواب شاہ کے علاقے افضال شاہ ٹاؤن میں واقع مسجد فیضان الف ثانی پر لینڈ مافیا کے کارندوں نے ہلہ بول دیا اور نماز تراویح ادا کرنے والے افراد کو تشدد کا نشانہ بناکر باہر نکال دیا، مسجد کے پیش امام کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بناکر نکال دیا، ملزمان نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور مسجد شہید کردی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور سانگھڑ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی، مشتعل مظاہرین نے ٹائر بھی نذر آتش کیے۔

دوسری جانب لینڈ مافیا کے کارندے جدید اسلحہ سے شدید فائرنگ کرتے رہے جس سے علاقے میں  خوف و ہراس پھیل گیا، فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقف سے 3گھنٹے تک جاری رہا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑی کے ہمراہ پہنچ گئی اور چھاپہ مار کر ملزم فقیر غلام بشیر آرائیں کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب جماعت اہل سنت کے عہدیداران محمد یعقوب قادری، صوفی سلیم، محمد اشرف آرائیں سلطانی، اسلم نوری اور ڈاکٹر خوشی محمد خضری کی قیادت میں منگل کی صبح نواب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔

انھوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لینڈ مافیا کے سرغنہ غلام بشیر آرائیں کے خلاف دفعہ 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور اس کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا جائے بصورت دیگر نواب شاہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی اور حالات کی ذمے دار ضلعی انتظامیہ ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔