نوابشاہ، مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک اور 2 گرفتار، بھاری اسلحہ برآمد

نامہ نگار  منگل 16 جولائی 2013
پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس پر پولیس نے محاصرہ کرکے جوابی فائرنگ کی۔ فوٹو: فائل

پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس پر پولیس نے محاصرہ کرکے جوابی فائرنگ کی۔ فوٹو: فائل

نوابشاہ:   دولتپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ، 3ڈاکو ہلاک،2 گرفتار، ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک رائفل، ایک رپیٹر ، گولیاں اور کارتوس برآمد۔

تفصیلات کے مطابق  ایس ایس پی جاوید جسکانی نے اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا  ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دولتپور بائی پاس قومی شاہراہ پر ڈاکو لوٹ مار کرنے کے لیے کھڑے تھے، اطلاع پر پولیس پہنچی اور 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 3 ملزمان پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے جن کا تعاقب کیا جو بھیری کے قریب موٹر سائیکل چھوڑ کر قریبی کیلے کے باغات میں داخل ہوگئے، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس پر پولیس نے محاصرہ کرکے جوابی فائرنگ کی، ایک گھنٹے کے مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے جن میں صالح عرف صالو ماچھی شامل ہے۔

جس کی زندہ مردہ گرفتاری پر سندھ حکومت نے 10 لاکھ روپے انعام مقرر کیا ہوا ہے اور پولیس کو اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی ور رہزنی کے 20 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا، دوسرا ڈاکو جو مارا گیا اس کی شناخت عاشق کوری کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے جاں بحق ہونے والے ڈاکوؤں کی تاحال شناخت نہیں ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ مقابلے میں  ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل مور چانڈیو معمولی زخمی ہوا ہے۔ دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے جعلی مقابلہ دکھایا ہے۔  مارے گئے تینوں ڈاکو نوابشاہ پولیس کی حراست میں تھے اور انھیں سی آئی اے انچارج علن عباسی کی تحویل میں دیا گیا تھا، علن عباسی ایس ایس پی جاوید جسکانی کا قریبی ساتھی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کو ایک ہفتہ قبل گرفتار کیا گیا تھا اور منگل کی علی الصباح انھیں پیجو پولیس تھانے کی حدود میں لاکر گولیاں مار کر قتل کرکے پولیس مقابلہ ظاہر کیا گیا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیے گئے 3 ڈاکوؤں کی لاشیں پولیس ہیڈکوارٹر نواب شاہ لائی گئیں۔ دوسری جانب ڈاکو صالح ماچھی اور چنیسر ماچھی کی ورثا خواتین نے نواب شاہ پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پیر بخش کیریو والوں کے ساتھ دشمنی ہے۔ مارے گئے ڈاکوؤں کی بہنوں حسنہ اور سکینہ نے بتایا کہ گزشتہ شب میرے دونوں بھائی اپنے گھر بنیان پہنے دھوتی کے ساتھ سوئے ہوئے تھے۔

نواب شاہ پولیس کے علن عباسی نے نفری کے ساتھ چھاپہ مار کر ہمارے بھائیوں اور ان کے بیوی بچوں کو گرفتار کرکے لے گئے اور آج صبح ٹی وی دیکھ کر پتا چلا کہ انھیں پولیس مقابلہ دکھا کر قتل کردیا گیا ہے۔ خواتین نے الزام لگایا کہ انسپکٹر علن عباسی نے ہمارے دشمنوں سے 50 لاکھ روپے لیکر ہمارے بھائیوں کو قتل کیا ہے اور اب لاشیں بھی نہیں دی جارہی ہیں۔ ورثا نے مطالبہ کیا کہ پولیس مقابلے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔