بینک میں خاتون سے نوسربازرقم گننے کے بہانے25ہزارلے اڑا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 جنوری 2019
واقعے سے متعلق نہ تو متاثرہ خاتون اور نہ ہی بینک انتظامیہ کی جانب سے کوئی رپورٹ درج کرائی گئی۔

واقعے سے متعلق نہ تو متاثرہ خاتون اور نہ ہی بینک انتظامیہ کی جانب سے کوئی رپورٹ درج کرائی گئی۔

 کراچی:  پاپوش نگر تھانے کی حدود بورڈ آفس کے قریب بینک میں خاتون سے نوسر باز رقم گننے کے بہانے 25 ہزار روپے لے اڑا۔

واقعے کی فوٹیج میں نو سر باز کیش کاؤنٹر سے 35 ہزار روپے رقم وصول کر کے بیٹھی ہوئی خاتون سے رقم لیکر گنتا ہوا دکھائی دیا اور چند لمحوں میں رقم انتہائی مہارت سے جیب میں ڈال کر بینک سے نکل گیا، متاثرہ خاتون نے نوسرباز کے چلے جانے کے بعد دوبارہ رقم گننی تو اس میں سے 25 ہزار روپے کم تھے۔

ایس ایچ او پاپوش نگر خالد مغل نے رابطہ کرنے بتایا کہ واقعے کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد وہ خود بینک گئے جہاں منیجر سمیت دیگر افسران سے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کی تاہم انھوں نے بتایا کہ رقم تو خاتون کو پوری ہی فراہم کی گئی تھی۔

تاہم ان کے ساتھ کوئی شخص آیا تھا یا وہ کوئی اور اس بارے میں ہمیں نہیں معلوم لیکن جب خاتون نے بتایا کہ نکلوائی جانے والی رقم کم ہے تو بینک میں لگے ہوئے کیمرے کی فوٹیج دیکھی گئی تو ایک شخص خاتون کے ہاتھ سے رقم لے کر گنتا ہے، خالد مغل نے بتایا کہ واقعے سے متعلق نہ تو متاثرہ خاتون اور نہ ہی بینک انتظامیہ کی جانب سے کوئی رپورٹ درج کرائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔