ہاکی ایشیا کپ؛ ممکنہ کھلاڑیوں میں وسیم احمد بھی شامل

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 جولائی 2013
ورلڈ سیریز میں ناقص ترین کارکردگی کے باوجود تمام سینئرز اسکواڈ میں برقرار۔  فوٹو: فائل

ورلڈ سیریز میں ناقص ترین کارکردگی کے باوجود تمام سینئرز اسکواڈ میں برقرار۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ کی تیاریوں کیلیے 25 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا، تجربہ کار پلیئر وسیم احمد کی واپسی ہوئی، ورلڈ سیریز میں ناقص کارکردگی کے باوجود تمام سینئرز اسکواڈ میں برقرار رہے۔

گذشتہ روز ٹیم منیجمنٹ کا اجلاس نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں ہوا جس میں آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ کیلیے ابتدائی کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دی گئی۔ میٹنگ کے دوران وسیم احمد کو کیمپ کا حصہ بنانے پر اتفاق ہوگیا، وہ کندھے کی انجری کے سبب رواں ماہ ملائشیا میں منعقدہ ورلڈ ہاکی سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہ کرسکے تھے، انجری مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد سابق کپتان نے اپنی فٹنس کے حوالے سے پی ایچ ایف کو آگاہ کر دیا تھا جس کے بعد انہیں کیمپ میں بلائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

منتخب کھلاڑیوں میں عمران بٹ، عمران شاہ، مظہر عباس، محمد عمران، محمد عرفان، محمد عتیق، کاشف علی، خالد بھٹی، رضوان جونیئر، محمد توثیق، راشد محمود، فرید احمد، عامر شہزاد، وقاص شریف، شفقت رسول، زوہیب اشرف، عبدالحسیم خان، رضوان سینیئر، شکیل عباسی، علی شان، محمد عمر بھٹہ، محمد دلبر، محمد زبیر ، محمد سلمان حسین اور وسیم احمد شامل ہیں، انھیں 21 اپریل کو کیمپ کمانڈنٹ چوہدری اختر رسول کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔