بلدیہ عظمیٰ کے ٹھیکوں کی ٹینڈرنگ میںبد نظمی سامنے آگئی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 17 جولائی 2013
ٹھیکیداروں کے ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر ٹھیکوں کے پول کرنے کا الزام عائد کردیا. فوٹو: فائل

ٹھیکیداروں کے ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر ٹھیکوں کے پول کرنے کا الزام عائد کردیا. فوٹو: فائل

کراچی:  بلدیہ عظمیٰ کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں منگل کو پانچ مختلف ٹھیکوں کی ٹینڈرنگ کے عمل میں صورتحال خراب ہوگئی، ٹھیکیداروں کے ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر ٹھیکوں کے پول کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

تاہم بعدازاں دونوں گروپوںمیں اس معاملے پر مفاہمت ہوگئی جس کے بعد ٹینڈرنگ کا عمل پایۂ تکمیل کو پہنچا، ذرائع نے بتایا کہ پیر کو بلدیہ عظمیٰ کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کے دو مختلف منصوبوں، ہاکس بے میں گورنر ہٹ سمیت شہر میں دو مختلف مقامات پر سڑکوں کے تعمیر نو کے ٹینڈر جاری ہورہے تھے تاہم ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو نے پہلے کوشش کی ہے کہ ان ٹینڈروں کا پول ہوجائے تاہم ٹھیکیداروں کے ایک گروپ نے اس پر ہنگامہ آرائی شروع کردی جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیازسومرو کو جب اندازہ ہواکہ صورتحال خراب ہورہی ہے تو انھوں نے ہدایت کی کہ ٹینڈرنگ کا عمل اوپن کیا جائےْ

جس کے بعد تمام ٹھیکیداروں کو ٹینڈرنگ کے عمل میںحصہ لینے کی اجازت مل گئی، ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹینڈرنگ کے عمل میں بدمزگی کے اس واقعے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل نیازسومرو محکمے کے امورچلانے سے قاصر ہیں جس کے وجہ سے ان کا محکمہ آئے دن خبروں کی زینت بنا رہتا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران نیٹ ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل نیاز سومرو کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جونیئر آفیسر ہیں لہٰذا سب سے پہلے وہ سینئر افسران کو اعتماد میں لیں اور محکمے کے سابقہ سربراہوں سے کے پاس خود جاکر ان سے مشورہ کریں کہ وہ کس طرح توازن کے ساتھ محکمے کے معاملات چلاتے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔