وزیراعظم عمران خان کو افغان صدر اشرف غنی کا ٹیلیفون

ویب ڈیسک  جمعرات 17 جنوری 2019
پاکستان افغان فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو : فائل

پاکستان افغان فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم عمران خان۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: افغان صدراشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور زلمے خلیل زاد سے ہونے والی بات چیت پر اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ہونے والی بات چیت پر اعتماد میں لیا، اس کے علاوہ امریکی نمائندہ خصوصی کی پاکستانی حکام سے ہونے والی بات چیت پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں مثبت کردار جاری رکھے گا، پاکستان افغان فریقین کے درمیان مذاکرات کے لیے کوشاں ہے جب کہ مسئلے کا بہترین حل افغان فریقین کے درمیان مصالحت اور مذاکرات ہیں۔

دوسری جانب افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغان صدر نے عمران خان کو افغانستان آنے کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کرلی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔