کولمبیا میں کار بم دھماکے میں 21 افراد ہلاک،68 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 18 جنوری 2019
زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پولیس۔ فوٹو : فائل

زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پولیس۔ فوٹو : فائل

بوگوٹا: کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں پولیس ٹریننگ اکیڈمی میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جب کہ 68 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں پولیس اکیڈمی میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جب کہ 68 زخمی ہوگئے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنائی دی جب کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، واقعہ کے بعد پولیس نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکا پولیس اکیڈمی کے کمپاؤنڈ میں ہوا جہاں پولیس نے گاڑی کو چیک پوائنٹ پر رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور گاڑی روکنے کے بجائے اکیڈمی کمپاؤنڈ میں گھس گیا اور تھوڑی دیر بعد دھماکا ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں 80 کلوگرام دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا اور ممکنہ طور پر گاڑی کا ڈرائیور بھی دھماکے میں مارا گیا تاہم ابھی تک کسی بھی تنظیم نے دھماکے ذمہ داری قبول نہیں کی، دھماکے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور دھماکے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

کولمبیئن حکومت کی جانب سے دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور ملک میں 3 دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ کولمبیئن صدر کا کہنا ہے کہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔