امریکا میں 420 میل کے سائن بورڈز کی بار بار چوری

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2019
امریکا بھر میں 420 میل والے علامتی بورڈ چوری کیے جاتے ہیں (فوٹو: بشکریہ ریڈ اٹ)

امریکا بھر میں 420 میل والے علامتی بورڈ چوری کیے جاتے ہیں (فوٹو: بشکریہ ریڈ اٹ)

 واشنگٹن: امریکا بھر میں لوگ ہائی وے پر خاص نمبروں والے سنگِ میل اتار کر پھینک دیتے ہیں یا چرالیتے ہیں ان میں 420 اور 69 کے نشاناتِ میل سب سے زیادہ چوری ہوتے ہیں۔ ان کی مسلسل چوری کی وجہ سے ٹرانسپورٹ اور ہائی وے انتظامیہ مسلسل پریشان تھی لیکن اب اس کا ایک بہترین حل نکال لیا گیا ہے۔

مثلاً مشرقی واشنگٹن کی ایک شاہراہ پر لفظ 69 کی جگہ 68.9 میل کے بورڈ لگائے ہیں جبکہ 420 میل کی جگہ 419.9 میل کے بورڈ آویزاں کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد سے بورڈز یا سنگِ میل کی چوری رک گئی ہے۔

اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی ترجمان بیتھ باؤسلے نے کہا ہے کہ سائن بورڈ چوری ہونے کے بعد ادارے نے ان کے نمبروں میں تھوڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں کبھی کبھی سنگِ میل کو خالی چھوڑدیا جاتا ہے اور کبھی 420 کی جگہ 419 یا 421 میل بھی لکھ دیا جاتا ہے۔

ریاست واشنگٹن کی حدود میں 8000 ہزار سے زائد میل کی ہائی وے آتی ہیں اور اس طرح وہ ہر کلومیٹر پر سنگِ میل کی نگراں ہیں لیکن اب تک وہاں سے 200 بورڈ چوری ہوچکے ہیں اور 2012ء سے اب تک مزید 608 سنگِ میل کے نشانات لگائے جاچکے ہیں۔

اگرچہ یہ کام تفریح میں کیا جاتا ہے لیکن ان کی بہت اہمیت ہے کیونکہ حادثات یا کسی اور واقعے کی صورت میں سنگِ میل پوسٹ کا ہی حوالہ دیا جاتا ہے جس سے کارروائی میں آسانی ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ دیہی علاقوں کے پتے بھی سائن بورڈ کے لحاظ سے مرتب کیے جاتے ہیں اور جب وہاں سے یہ علامت ختم ہوجائے تو اس کے بعد بہت مشکل پیش آتی ہے۔

اگر میل بتانے والا نشان چوری کے دوران پکڑا جائے تو اس کی سزا تین ماہ قید اور 1000 ڈالر جرمانہ ہے۔ ان چوروں کو پکڑنے کے لیے پولیس نے بہت کوشش کی تاہم اب تک کوئی مجرم گرفت میں نہیں آسکا اور ایک پوسٹ لگانے پر 1000 ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔