دھونی نے بھارت کو ٹرافی کا حقدار بنوادیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 18 جنوری 2019
بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز جیت لیی، فوٹو: فائل

بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز جیت لیی، فوٹو: فائل

میلبرن: بھارت نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 7 وکٹ سے شکست  دیکر تین میچزکی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی.

تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین نے 87 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 7 وکٹ سے فتح دلوادی، جادھیو 61 پر ناٹ آﺅٹ رہے، اسپنر یزویندر چاہل نے 6 وکٹیں لیکر کینگروز کے چھکے چھڑائے۔

بھارت نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 7 وکٹ سے مات دیکر تین میچزکی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی، مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کو بولرز کو پہلے آزمایا، میزبان الیون پہلے کھیل کر 48.4 اوورز میں 230 رنز تک محدود ہوگئی، پیٹرہینڈزکومب58، شان مارش39 اور عثمان خواجہ 34 رنز بنانے میں کامیاب رہے، گلین میکسویل نے 16 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ کپتان آرون فنچ 14رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، اوپنر الیکس کیری 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اسپنر یزویندر چاہل نے 42 رنز دیکر6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بھونیشور کمار اور محمد شامی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، بھارت نے ہدف 4 بالز قبل 3 وکٹ پر 234رنز بناکر حاصل کرلیا۔

اوپنر روہت شرما 9، شیکھردھون23 رنز بناسکے، ون ڈاؤن کپتان ویرات کوہلی نے 62 گیندوں پر 46 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ جب کہ دھونی اور جادھیو نے مزید کوئی نقصان کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، ان کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 121رنز کی ناقابل شکست ساجھے داری قائم ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔