پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں ولایتی اور دیسی موسیقی کا تڑکا لگے گا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 19 جنوری 2019
آفیشل سونگ’’ کھیل دیوانوں کا‘‘ ریلیز کردیاگیا، آواز کا جادو فواد خان نے جگایا،ٹکٹ جلد فروخت کیلیے پیش ہونگے۔ فوٹو: فائل

آفیشل سونگ’’ کھیل دیوانوں کا‘‘ ریلیز کردیاگیا، آواز کا جادو فواد خان نے جگایا،ٹکٹ جلد فروخت کیلیے پیش ہونگے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی ایس ایل 4کی افتتاحی تقریب میں ولایتی اور دیسی موسیقی کا تڑکا لگانے کی تیاریاں کرلی گئیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی 14فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار پٹ بل آواز کا جادو جگائیں گے، بونی ایم گروپ کی مارسیا بیرٹ بھی جلوہ گر ہوں گی، پاکستان کا مشہور صوفی راک بینڈ ’’جنون‘‘ اسٹیج کی رونقیں بڑھائے گا، فواد خان آفیشل سونگ گائیں گے، اس کے ساتھ ’’ینگ دیسی‘‘ کی پرفارمنس بھی ہوگی۔

افتتاحی تقریب کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب اور پہلے میچ کے ٹکٹ جلد فروخت کیلیے پیش کر دیے جائیں گے۔

دوسری جانب پی ایس ایل 4کا آفیشل سونگ ’’ کھیل دیوانوں کا‘‘ گزشتہ شب ریلیز کردیا گیا، پہلے تینوں ایڈیشنز میں آفیشل سونگ علی ظفر نے گائے جو بے پناہ مقبول بھی ہوئے تھے، انھوں نے 2016میں ’’اب کھیل کے دکھا‘‘ میں فن کا جادو جگایا،2017 ایڈیشن میں بھی علی ظفر کی آواز میں ’’سیٹی بجے گی اسٹیج سجے گا، تالی بجے گی اب کھیل جمے گا‘‘ ریلیز کیا گیا۔

گزشتہ سال تیسرے ایڈیشن میں ان کا گیت’’لو پھر آگئے جلوہ دکھانے، پھر ملے چلو ہم اس بہانے، یہ کھیل پھر جمے گا اور اسٹیج پھر سے سجے گا‘‘ شائقین کرکٹ کی بھرپور توجہ کا مرکزبنا، اس بار پی سی بی نے مختلف تجربہ کیا ہے۔

شجاع حیدر کی موسیقی میں بنایا جانے والا آفیشل سونگ’’ کھیل دیوانوں کا‘‘ میں آواز کا جادو معروف اداکار اور گلوکار فواد خان نے جگایا ہے،ویڈیو کے ہدایتکار شعیب اختر ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔