عابد شیرعلی نے علیمہ خان کی مبینہ جائیداد کی ویڈیو جاری کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2019
کیا کپڑے سینے سے یہ گھر ، دوبئی اور لندن کے فلیٹس خریدے جا سکتے ہیں، عابد شیر علی فوٹوفائل

کیا کپڑے سینے سے یہ گھر ، دوبئی اور لندن کے فلیٹس خریدے جا سکتے ہیں، عابد شیر علی فوٹوفائل

نیو جرسی: ن لیگی رہنما عابد شیر علی نے علیمہ خان کی مبینہ جائیداد کے سامنے کھڑے ہوکر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے لوٹے ہوئے پیسے ان زکوۃ چوروں سے واپس لیے جائیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے نیوجرسی سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی مبینہ جائیداد کے سامنے کھڑے ہوکر کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ یہ پاکستانی اداروں پر بھی سوالیہ نشان ہے، پاکستان سے لوٹے ہوئے پیسے ان زکوۃ چوروں سے واپس لئے جائیں۔

عابد شیر علی نے کہا کیا کپڑے سینے سے یہ گھر، دوبئی اور لندن کے فلیٹس خریدے جا سکتے ہیں، پاکستان کی خواتین نے اپنے زیور بیچ کر یہ پیسے شوکت خانم کے لئے دیئے تھے، یہ جائیداد شوکت خانم کے زکوۃ کے پیسوں سے بنائی گئی ہے۔ آپ کو حساب دینا ہوگا کہ پاکستان کے قوم کے پیسوں کا کس طرح استعمال کیا گیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلائی مشینوں کی کمائی سے جائیدادیں بنائیں، علیمہ خان

ن لیگی رہنما عابد شیر علی نےکہا علیمہ خان نے ایلے، نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں بھی جائیدادیں بنائیں ہیں، یہ پیسے علیمہ خان لوٹ کر لے آئی ہے، میں سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کروں گا کہ اس پر جے آئی ٹی بنائی جائے، علیمہ خان بے نامی دار ہے اس جائیداد کا اصل مالک عمران خان ہے۔

واضح رہے کہ چندروز قبل علیمہ خان نے کہا تھا کہ پاکستان میں بہت ساری خواتین سلائی مشین سے روزگار کمارہی ہیں، میں 20 سال سے کام کررہی ہوں، میری امریکا سمیت تمام جائیدادیں ظاہر کی ہوئی ہیں چاہیں تو میری ویلتھ اسٹیٹمنٹ چیک کرلیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔