پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2019
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، فوٹو: فائل

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، فوٹو: فائل

پورٹ الزبتھ: پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل کرلی۔

قومی ٹیم نے جنوبی افریقا کی جانب سے 267 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا، اوپنر امام الحق نے 86، محمد حفیظ نے 71 اور بابر اعظم نے 49 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جب کہ فخر زمان نے 25، شعیب ملک نے 12، سرفراز احمد نے ایک اور شاداب خان نے 18 رنز بنائے۔

پروٹیز کی جانب سے اولیور نے 2، پھلو لکوایو، عمران طاہر اور ہینڈرکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلسی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پروٹیز بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔

اوپنر ہاشم آملہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ ہینڈرکس نے 45 رنز کی باری کھیلی، ڈیبیو کرنے والے وانڈر سین 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری پر مشتمل تھی۔

جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت فاف ڈوپلسی نے کی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، ریزا ہنڈرکس، وین ڈیر ڈیوسن، ڈیوڈ ملر، اینڈائل فلوکویو، ہینرچ کلاسن، کاگیسو رباڈا، ڈیوائن پریٹوریس، ڈوان اولیویئر اور عمران طاہر شامل تھے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔