کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ،جاپان کا رکاوٹیں ہٹانے پرزور

ارشاد انصاری  جمعرات 18 جولائی 2013
پاکستان نے تحفظات دور کرنے کیلیے جائیکا کے صدر کو پاکستان بلانے کا فیصلہ کرلیا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے تحفظات دور کرنے کیلیے جائیکا کے صدر کو پاکستان بلانے کا فیصلہ کرلیا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: جاپان نے کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ کیلیے 3 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے کی فراہمی کو منصوبے کی راہ میں حائل 3 رکاوٹین دور کرنے سے مشروط کردیا ہے جبکہ پاکستان نے جاپان کو رضامند کرنے کے لیے جائیکا کے صدر کو پاکستان مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے حکام نے بتایا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ پر اتفاق ہوا اور منصوبے کا جائزہ لینے کیلیے جائیکا کے متعدد مشن بھی پاکستان کے دورے کرچکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت بڑھنے کی وجہ سے جائیکا نے اس منصوبے پر عائد اربوں روپے کے ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کا کہا تھا جس کی گزشتہ حکومت کے دور میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی منظوری دے چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ منصوبے کی ایکنک بھی منظوری دے چکی ہے لیکن جائیکا کی طرف سے اب کہا جا رہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ کے متاثرین کی آبادکاری اور انہیں مناسب معاوضہ کی فراہمی کا معاملہ طے کیا جائے اور جاپانی ماہرین و دوسری ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے تحفظات دور کرنے کیلیے جائیکا کے صدر کو پاکستان بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلیے وزارت خارجہ کی طرف سے بھی لیٹر لکھا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔