ٹوئٹر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان کا اکاؤنٹ معطل کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جنوری 2019
پی ٹی آئی کا ٹویٹر انتظامیہ سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اکاؤنٹ بحال کرنے کا مطالبہ . فوٹو : فائل

پی ٹی آئی کا ٹویٹر انتظامیہ سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اکاؤنٹ بحال کرنے کا مطالبہ . فوٹو : فائل

 لاہور: ٹویٹر انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل کا اکاؤنٹ معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کردیا، وہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک تھے اور ویڈیو پیغامات کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کا مؤقف عوام تک پہنچاتے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے جب کہ انہوں نے ٹویٹر کی کسی پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کی، لہذا ٹویٹر سے معاملے کو دیکھنے اور اکاؤنٹ فوری بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹویٹر اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے انتظامیہ نے واضح پالیسی ترتیب دے رکھی ہے کہ پرتشدد اور تضحیک آمیز مواد کی تشہیر کرنے والے کا اکاؤنٹ بند کر دیا جاتا ہے، بعض اوقات کسی غلط فہمی کے نتیجے میں بھی ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا جاتا ہے تاہم اکاؤنٹ استعمال کرنے والے شخص کی شکایت پر معطل شدہ اکاؤنٹ بحال بھی کردیا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔