پہلے ون ڈے کیلیے ٹیم کی سلیکشن کئی سوال چھوڑ گئی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 20 جنوری 2019
بولرزکی بھرمارکے باوجود فخرزمان سے بھی2اوورزکرا دیے،شعیب ملک کو نہ آزمایا۔ فوٹو: فائل

بولرزکی بھرمارکے باوجود فخرزمان سے بھی2اوورزکرا دیے،شعیب ملک کو نہ آزمایا۔ فوٹو: فائل

لاہور: جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے کیلیے ٹیم کی سلیکشن کئی سوال چھوڑ گئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کیخلاف یو اے ای میں منعقدہ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں46رنزدے کر4شکار کیے تھے، دوسرے میں انھوں نے 38 رنز دے کر اتنی ہی وکٹیں حاصل کی، تیسرے بارش زدہ مقابلے میں پیسر کو 3.5اوورز کرنے کا موقع ملا،انھوں نے18رنزکے بدلے میں ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

مجموعی طور پر 9وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز قرار پانے والے نوجوان پیسر کو جنوبی افریقہ کی سازگار کنڈیشنز میں کارکردگی دکھانے کا موقع دینے کے بجائے عثمان شنواری کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا، وہ 8اوورز میں 49 رنز دینے کے باوجود ایک وکٹ بھی نہ حاصل کر پائے۔

پاکستان نے ایک اسپیشلسٹ اور کامیاب بولر کو نظرانداز کرتے ہوئے شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف کی صورت میں 5 آل راؤنڈرز ٹیم میں شامل کیے، اس کے باوجود بطورساتواں بولر اوپنر فخرزمان سے بھی 2اوورز کرائے گئے، شعیب ملک کو آزمانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔