ویسٹ انڈین ٹیم کے دورئہ پاکستان پر ہیڈ کوچ کو شکوک

گرین شرٹس ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کا حق حاصل کرسکتی ہیں، کولز


Sports Reporter January 20, 2019
گرین شرٹس ورلڈکپ میں براہ راست شرکت کا حق حاصل کرسکتی ہیں، کولز۔ فوٹو : فائل

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مارک کولز نے ویسٹ انڈیزکے دورئہ پاکستان پرشکوک کا اظہارکردیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات چیت میں مارک کولز نے کہاکہ امید ہے ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی نوبت نہیں آئیگی، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریزکیلیے تیاریاں بھرپورہیں،ہم فیلڈنگ بہتربنانے پرکام کررہے ہیں، بیٹنگ کے شعبے میں بہتری آئی ہے جبکہ بولنگ مزید اچھی کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔

ایک سوال پر کوچ نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلنے کراچی آئے گی یا نہیں،البتہ دبئی میں شیڈول3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کامیابی سے ہمکنارہوسکتا ہے،اس کے لیے سخت محنت درکار اورٹیم کو ہرشعبے میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہوگی ، یہ سیریز پلیئرز کیلیے چیلنج ہے۔

مارک کولز نے کہاکہ ضروری ہے پاکستانی ویمن کرکٹرز بھی بگ بیش لیگ میں شرکت کریں، یہ اچھی بات ہے کہ بنگلہ دیش ویمن لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کو بھی مدعوکیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ اینڈی رچرڈز نے کہاکہ ہم کیمپ میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پرکام کررہے ہیں،فٹنس میں بہتری آگئی جبکہ ہرگزرتے دن کے ساتھ کارکردگی بہتر ہورہی ہے، انھوں نے کہا کہ ہماری تین سے چارکرکٹرز ویمن بنگلہ دیش لیگ کھیل سکتی ہیں ، ٹیم کی بیٹنگ صلاحیتوں میں نکھار لانے میں مزید وقت لگے گا۔

ایک سوال پر آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بیٹنگ کنسلٹنٹ نے کہا کہ پاکستان ویمن کپتان بسمہٰ معروف کوفٹنس مسائل کا سامنا رہا ہے، وہ بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں ،امید ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں فٹ رہیں گی۔

 

مقبول خبریں