پی ایس ایل کو برانڈ بنانے میں کس کا کیا کردار؟ اعداد و شمار ظاہر

سلیم خالق  اتوار 20 جنوری 2019
لاہورقلندرزکی2ایڈیشنزمیں15ملین،کراچی کنگزکی10ملین ڈالرسرمایہ کاری۔ فوٹو : فائل

لاہورقلندرزکی2ایڈیشنزمیں15ملین،کراچی کنگزکی10ملین ڈالرسرمایہ کاری۔ فوٹو : فائل

کراچی: پی ایس ایل کوبرانڈ بنانے میں کس کاکیا کردار رہا؟ اعداد وشمار سامنے آگئے۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے پاس موجود مالی تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل ون اور ٹومیں لاہور قلندرز نے سب سے زیادہ 15ملین ڈالرزکے قریب کی سرمایہ کاری کردی، دوسرے نمبر پر موجود کراچی کنگز نے10 ملین کے لگ بھگ خرچ کیے، یہی دونوں ابتدائی 2سال ایونٹ کی سب سے مہنگی ٹیمیں تھیں۔

اسلام آباد یونائٹیڈ اور پشاور زلمی نے6 سے7 ملین کی سرمایہ کاری کی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ3سے4 ملین ڈالرزکے قریب رہا، البتہ ضوابط کے تحت سب کو سینٹرل پول کی آمدنی سے یکساں رقم دی گئی، اگر تمام اکاؤنٹس کا جائزہ لیا جائے تو لاہور قلندرز کا مارکیٹنگ اور ایکٹیویشن اخراجات میں شیئر40 فیصد ہے۔

کراچی کنگزکا8، اسلام آباد یونائٹیڈ7جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا4،4فیصد حصہ رہا، یہ اعدادوشمار ابتدائی 2 سال کی مالی رپورٹ سے تیار کیے گئے،اگر پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود اخراجات کا جائزہ لیا جائے تو اس کا حصہ 37 فیصد بنا، لاہور قلندرز کے بھاری اخراجات کی بڑی وجہ پورے سال کسی نہ کسی سرگرمی میں مصروف رہنا اور پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام ہے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرزکا 2016 میں خسارہ 31 کروڑ 27 لاکھ 44 ہزار 21 روپے اور 2017 میں 42 کروڑ 9 لاکھ 14 ہزار 836 روپے رہا۔ کراچی کنگز کو 2016 میں 11 کروڑ 70 لاکھ 28 ہزار 811 روپے جبکہ 2017 میں6 کروڑ 8 لاکھ 46 ہزار 776 روپے کا خسارہ ہوا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے سیزن میں 18 کروڑ 41 لاکھ 48 ہزار 300 اور دوسرے میں 24 کروڑ 19 لاکھ 81 ہزار 640 روپے کا نقصان ہوا۔

پشاور زلمی کو پہلے سال 23 کروڑ 72 لاکھ 33 ہزار 858 اور دوسرے برس2 کروڑ 1 لاکھ 52 ہزار 767 روپے کا نقصان ہوا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو پہلے سال4 کروڑ 65 لاکھ 30 ہزار 560 روپے اور دوسرے سیزن میں 6 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار 476 روپے کا خسارہ ہوا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔