بونی کپور بیٹی جھانوی سے زیادہ سارہ علی خان کو توجہ ملنے پر ناراض

ویب ڈیسک  اتوار 20 جنوری 2019
سارہ علی خان نے فلم’کیدارناتھ‘اورجھانوی نے’دھڑک‘کے ذریعے بالی ووڈ ڈیبیو کیا ہے فوٹوفائل

سارہ علی خان نے فلم’کیدارناتھ‘اورجھانوی نے’دھڑک‘کے ذریعے بالی ووڈ ڈیبیو کیا ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ پروڈیوسر بونی کپور اپنی بیٹی جھانوی کپور سے زیادہ سیف علی خان کی بیٹی سارہ کو میڈیا پر توجہ ملنے پر ناراض ہوگئے۔

پروڈیوسر بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور سیف علی خان اورامریتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان کو بالی ووڈ کی مستقبل کی اسٹارز کہاجارہا ہے، دونوں اداکاراؤں نے گزشتہ برس بالی ووڈ میں انٹری دی تھی اوراپنی فلموں کی ریلیز سے قبل ہی خوب شہرت حاصل کی۔

تاہم جہاں دونوں اداکاراؤں نے مقبولیت حاصل کی وہیں میڈیا پر سارہ اور جھانوی کے درمیان مقابلے کی خبریں بھی گردش میں رہیں اور یہ سلسہ آج بھی جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی دونوں کے مداح اپنی پسندیدہ اداکارہ کو دوسری سے بہتر قرار دینے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

جھانوی گزشتہ برس صرف ایک فلم’’دھڑک‘‘میں نظر آئی تھیں جب کہ سارہ علی خان نے دو فلموں’’کیدار ناتھ‘‘اور’’سمبا‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ’’سمبا‘‘گزشتہ برس کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک تھی یہی وجہ ہے سارہ کو میڈیا پر جھانوی سے زیادہ مقبولیت ملی اوراسی بات کو لے کر جھانوی کے والد بونی کپور پریشان ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بونی کپور نے جھانوی کپور کی پی آرٹیم پر غصہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک میڈیا پر دونوں کے درمیان مقابلہ کیوں کیاجارہاہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ بونی کپور اس بات سے بھی پریشان ہیں کہ سارہ کو فلم’’سمبا‘‘کی کامیابی کی وجہ سے بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور اسی وجہ سے ان کی بیٹی جھانوی کی مقبولیت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ سارہ اور جھانوی اپنے درمیان میڈیا پر ہونے والے مقابلے سے واقف ہیں لیکن دونوں کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میڈیا میں ان کے حوالے سے کیا کہا جارہا ہے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔