ٹیسٹ کرکٹر عثمان صلاح الدین کل دُلہا بنیں گے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 20 جنوری 2019
مڈل آرڈر بیٹسمین کا نکاح گزشتہ سال فروری میں ہوا تھا، فوٹو: فائل

مڈل آرڈر بیٹسمین کا نکاح گزشتہ سال فروری میں ہوا تھا، فوٹو: فائل

 کراچی: ٹیسٹ کرکٹر عثمان صلاح الدین 21 جنوری کو دلہا بنیں گے، مہندی کی رسم اتوار کی شام کو رکھی گئی ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کا نکاح گزشتہ سال فروری میں ہوا تھا، اب شادی کی تقریب 21 جنوری کو کراچی میں ہو گی، عثمان صلاح الدین کی دعوت ولیمہ 27 جنوری کو لاہور میں شیڈول ہے۔

عثمان صلاح الدین کے تین بھائی اور ایک بہن ہے جب کہ ان کی اہلیہ صبا عارف بھی تین بھائیوں کی اکلوتی بہن ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ عثمان کی بہن کا نام بھی صبا ہے، وہ بھی عثمان کی اہلیہ کی طرح بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔

عثمان صلاح الدین نے جون 2018ء میں ہیڈنگلے لیڈز پر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔اپنی شادی کے سوال پر عثمان صلاح الدین کاکہنا ہے کہ جو ڑے آسمانوں پر بننتے ہیں، ایکسپریس سے بات چیت میں قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کراچی سے لاہور آ رہا تھا تو جہاز میں میری شریک حیات صبا عارف کی فیملی بھی موجود تھی۔

قومی کرکٹر کے موجود ہونے پر اس خاندان کے بچے میرے پاس آئے اورانہوں نے میرے ساتھ تصاویر بنائیں، بعد ازاں ابتدائی ملاقات رشتوں میں تبدیل ہو گئی، ہم نے باقاعدہ صبا کے گھر رشتہ بھیجا جو قبول کرلیا گیا۔

عثمان صلاح الدین نے امید ظاہر کی کہ شادی ان کے لئے خوش بختی کی علامت ثابت ہوگی اور وہ کرکٹ کے عالمی میدانوں میں پہلے سے بھی زیادہ عمدہ کارکردگی دکھا کر ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔