اسرائیل اور مسلم افریقی ملک چاڈ کے درمیان سفارتی تعلقات بحال

ویب ڈیسک  اتوار 20 جنوری 2019
سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ چاڈ کے موقع پر کیا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ چاڈ کے موقع پر کیا گیا۔ فوٹو : اے ایف پی

اینجامینا: اسرائیل اور مسلم افریقی ملک چاڈ کے درمیان دہائیوں سے تعطل کے شکار سفارتی تعلقات بحال ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سرکاری دورے پر مسلم افریقی ملک چاڈ پہنچے جہاں ان کا استقبال صدر ادریس ڈیبے نے کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں دونوں ممالک کے درمیان 1972 سے معطل سفارتی تعلقات کی ازسر نو بحالی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے لیے تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سفارتی تعلقات کی بحالی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے جس کے خطے میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

چاڈ کے صدر ادریس ڈیبے نے بھی سفارتی تعلقات کی بحالی کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں مزید پیشرفت کی امید کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔