وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرآج قطر روانہ ہونگے

رضوان آصف  پير 21 جنوری 2019
قطری امیر،وزیراعظم سے ملاقاتیں ہونگی،ایل این جی کی ادھارفراہمی کااعلان متوقع۔ فوٹو:فائل

قطری امیر،وزیراعظم سے ملاقاتیں ہونگی،ایل این جی کی ادھارفراہمی کااعلان متوقع۔ فوٹو:فائل

دوحا: پاکستان اورقطر کے درمیان آج نئے معاشی، سیاسی اورعلاقائی سکیورٹی تعلقات کے نئے دورکا آغازہو گا جب کہ وزیر اعظم عمران خان 22 رکنی وفدکے ہمراہ 2 روزہ دورے پرآج دوپہر 4 بجے دوحا پہنچیں گے۔

گزشتہ روزدوحاکی سڑکوں کو پاکستانی پرچموں سے سجا دیاگیا ہے جبکہ آج قطری وزیر ثقافت ایئرپورٹ پروزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔ قطرکے وزیراعظم عبداللہ بن نصیرکی جانب سے عمران خان اوران کے وفدکے اعزازمیں وزیراعظم ہاوس میں ظہرانہ دیا جائیگا جبکہ کل صبح عمران خان، قطرکے امیرشیخ تمیم بن حمد التھانی سے انکے صدارتی محل میں ملاقات کریں گے، اس موقع پر عمران خان کوگارڈآف آنر بھی پیش کیا جائیگا۔

عمران خان اورقطری وزیراعظم کے درمیان وفودکی سطح پر اور ون ان ون ملاقاتیں ہوں گی، جس میں باہمی تجارت اور ایل این جی منصوبوں کے حوالے سے بات ہوگی۔ قطری حکومت کی جانب سے ایل این جی کی ادائیگیوں کے حوالے سے 3 ارب ڈالر تک موخر ادائیگی کی سہولت کا اعلان متوقع ہے جوکہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں آکسیجن کی حیثیت بنے گا۔

قطری قیادت اور عمران خان کے درمیان اس دورہ میں اسلام آباد میں طالبان مذاکرات کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائیگی۔ عمران خان قطر میں مقیم۔پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

قطرحکومت پاکستان سے ایک لاکھ لیبر فورس کے حصول سمیت قطری فوج میں پاکستانیوں کی بھرتی کے حوالے سے مزید پیشرفت بارے بھی بات کریگی۔ ابھی تک 32 ہزار پاکستانی مزدورقطر میں ملازمت حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستانی فوج کے ذریعے 3 ہزار پاکستانیوں کو قطرکی فوج میں بھرتی کیا جا چکا ہے۔

دریں اثناوزیراعظم عمران خان قطرکے دو روزہ دورہ کے لیے آج روانہ ہوںگے۔وزیراعظم کیساتھ وزیرخارجہ شاہ محمود، معاون خصوصی زلفی بخاری ، وزیر خزانہ اسد عمر، عبدرزاق ہونگے۔

وزیرعظم قطری امیر تمیم بن حماد التھانی اورقطری وزیراعظم عبداللہ بن ناصرسے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ سرمایہ کاری، دونوں طرفہ روابط کومربوط بنانے میںکلیدی ثابت ہوگا۔ قطرایک ہنرمند پاکستانیوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرنے کے لیے معاہدے پردستخط کریگا۔

وزیراعظم عمران خان ایل این جی کی قیمت میں رعائت کے لیے امیرقطرسے اپنے دورے میں بات چیت کریںگے، پاکستان کوایل این جی ایک سال تک ادھارفراہمی پر بات ہوگی، پاکستان توانائی کے شعبہ میں درپیش چیلیجنزسے نمٹنے میں مدد مل سکے گی۔

ذرائع کاکہنا ہے پاکستان کا ایل این جی کی مدد میں امپورٹ بل چار ارب ڈالرز تک ہے۔ پاکستانی قیادت جب ایل این جی پر بات کریگی تو امیر قطر حوصلہ افزا جواب دیںگے۔ پاکستان میں قطرکی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کاکہنا ہے قطرگوادر میں فروزن فروٹ کے لیے سٹوریج یونٹ قائم کریگا۔ قطر نیسپاک کے ساتھ بھی مل کرکام کرنے کا خواہاں ہے۔ قطراینگروپولی تیھین اورپولیمر پلانٹس قطرکیساتھ مل کر لگائے گا۔ پاکستان میں قطرکے سفیر صقر مبارک المنصوری دونوں ممالک کے مزید لانے میں اہم کرداراداکر رہے ہیں۔

سفیر صقرمبارک المنصوری نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کا دورہ قطراہمیت کا حامل ہے ،دورہ تمام شعبوں میں دونوں ممالک کو قریب میںمددگار ثابت ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔