صرف 40 دن میں موجودہ حکومت انتہائی غیر مقبول ہوگئی، شیخ رشید

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 18 جولائی 2013
نئے آرمی چیف پر وزیراعظم نے خوفزدہ ہوکر فیصلہ کیا تو دکھی رہیں گے، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

نئے آرمی چیف پر وزیراعظم نے خوفزدہ ہوکر فیصلہ کیا تو دکھی رہیں گے، ٹودی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت بالکل ناکام ہو چکی ہے، صرف 40 دن میں جتنی یہ حکومت غیر مقبول ہو گئی ہے اتنی جلدی کسی اور حکومت کو غیر مقبول ہوتے نہیں دیکھا۔

بھتہ اب اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی پہنچ گیا ہے۔ ہم چاہے اسمبلی میں رہیں یا نہ رہیں غریب اور اسلام کی آواز ہیں اور رہیں گے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں نواز شریف نے چنگیاں ختم کرنے کے علاوہ اور بھی بہت سے اچھے کام کیے ، اب تک انھوں نے کیا کام کیا ہے؟۔ ان کے چہرے پر پہلی والی رونق نہیں ، غریب کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے وہ ان کے چہرے سے عیاں ہے۔ جتنے عہدے انھوں نے اپنے پاس رکھے ہیں، کیا پاکستان کی تاریخ میں کسی اور وزیراعظم نے اپنے پاس رکھے ہیں۔

تاہم جتنی عقل سلیم اللہ نے انھیں عطا کی ہے، ان عہدوں پر کسی اور کو تعینات کرنے کی ضرورت نہیںہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جن کو وزارتیں دی ہوئی ہیں وہ کیا کر رہے ہیں؟،چوہدری نثار ابھی کراچی اور خیبر پختونخوا نہیں گئے۔ شاید وزیراعظم کے ساتھ کوئٹہ گئے ہوں۔ وزیراعظم توانائی کے بحران کوخود دیکھ رہے ہیں، بجلی چوروں اور گیس چوروں کو وہ خود پکڑ رہے ہیں۔ وہ کہاں کہاں جائیں گے۔ اگر پاکستان کا مطلب اسلام آباد اور لاہور ہے تو یہ بہت افسوسناک ہے۔

ڈرون حملوں کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ 40 دنوں میں3,4 ڈرون حملے ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم کو اپنی اتنی بھی جگ ہنسائی نہیں کرانی چاہیے۔ چھوٹے سے چھوٹے امریکی افسر کو وزیر اعظم ہائوس بلایاجاتا ہے۔ عملی طور پر دکھائی دینا چاہیے کہ خارجہ پالیسی میں تبدیلی ہے۔ نئے چیف جسٹس کی تقرری کے بارے میں شیخ رشید نے کہا امید ہے کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا۔ موجودہ چیف جسٹس تمام اہم فیصلے کر کے جائیں گے۔

صدر کے انتخاب کے حوالے سے اپوزیشن تقسیم ہے، اگر وہ متحد ہو جائے تو الیکشن بن سکتا ہے۔ مسئلہ صرف نئے آرمی چیف کا ہو سکتا ہے۔ جنرل کیانی کے بعد تمام پانچوںسینئر جنرل ملک کے لیے اچھے ہیں اور تمام کور کمانڈر رہ چکے ہیں ۔ دیکھنا یہ کہ نواز شریف آرمی چیف سے نام منگواتے ہیں یا نہیں۔ اگر انھوں نے خوف کے تحت فیصلہ کیا تو دکھی رہیں گے ،اگر فیصلہ میرٹ پر ہوا تو سکھی ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ، بیروزگاری پنجاب میں ہے، معاشرہ تباہ ہو رہا ہے۔حکومت لوگوںکو روزگار فراہم کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔