امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں لگنے والی آگ سے کئی عمارتیں جل کر خاکستر ہوگئیں

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جولائ 2013
 انتظامیہ کی جانب سے علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

انتظامیہ کی جانب سے علاقے کو خالی کرنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔ فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن ڈی سی: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگل میں لگنے والی آگ نے کئی مکانات سمیت متعدد عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلیفورنیا کے جنگل میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرتے ہوئے رہائشی علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اب تک 10 سے زائد مکانات اور متعدد کمرشل عمارتیں اس ہولناک آگ کی لپیٹ میں آچکی ہیں، آگ کی شدت کے پیش نظر انتظامیہ نے علاقے کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہوگئے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لئے 22 سو سے زائد فائر فائٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اس سلسلے میں  زمینی کارروائیوں کےعلاوہ ہیلی کاپٹرز اور خصوصی طیاروں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔

ریاستی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس ہولناک آگ سے اب تک کسی بھی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی تاہم اس کی وجوہات معلوم کرنے کےلیے تحقیقات جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔