پاکستان قطر سے ادھار پر ایل این جی لینے کا خواہاں

ظفر بھٹہ  منگل 22 جنوری 2019
وزیر اعظم قطری حکومت سے درخواست کرینگے کہ گیس نرخوں میں 10 سال کے بجائے 5 سال بعد نظر ثانی کی جائے فوٹوفائل

وزیر اعظم قطری حکومت سے درخواست کرینگے کہ گیس نرخوں میں 10 سال کے بجائے 5 سال بعد نظر ثانی کی جائے فوٹوفائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے جاری دورہ قطر میں پاکستان قطر سے 4 بلین ڈالر کی ایل این جی ادھار پر لینے کی درخواست کرے گا۔

وزیر اعظم قطری حکومت سے یہ بھی درخواست کرینگے کہ گیس نرخوں میں 10 سال کے بجائے 5 سال بعد نظر ثانی کی جائے، 10 سال سابقہ ن لیگی حکومت نے طے کیے تھے۔ پاکستان کی ایل این جی کی مد میں سالانہ بل تقریباً 4 بلین ڈالر بنتا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی کوشش ہوگی کہ قطری حکام ادائیگیوں کی مدت کے لیے مزید ایک سال کی توسیع کردیں۔

اس وقت پاکستان اسٹیٹ آئل 15 روز بعد قطر کو ایل این جی امپورٹ بل کی ادائیگی کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان قطر سے سعودی عرب اور یو اے ای کی طرح رعایتی قرض کی فراہمی کا بھی مطالبہ کرینگے تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔