بینکنگ سیکٹر سے حاصل حکومتی قرضے 485 ارب روپے بڑھ گئے

بزنس رپورٹر  منگل 22 جنوری 2019
پی آئی اے، پاکستان اسٹیل و دیگر کے قرضوں کی مالیت میں 117ارب 43کروڑ روپے کا اضافہ

پی آئی اے، پاکستان اسٹیل و دیگر کے قرضوں کی مالیت میں 117ارب 43کروڑ روپے کا اضافہ

 کراچی: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران حکومت کے بینکنگ سیکٹر سے حاصل کردہ قرضوں کی مالیت میں 485 ارب روپے کا اضافہ ہوا مجموعی قرضوں کی مالیت 10ہزار 777 ارب 76 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے پہلی ششماہی کے دوران اسٹیٹ بینک سے ایک ہزار 250 ارب روپے کے نئے قرضے حاصل کیے جبکہ کمرشل بینکوں سے قرض گیری کا رجحان کم ہوگیا۔

حکومت نے اسٹیٹ بینک پر انحصار بڑھاتے ہوئے کمرشل بینکوں کو اُن کے قرضے لوٹائے جس کی وجہ سے شیڈول بینکوں کے حکومت پر قرضوں کی مالیت 764 ارب 80 کروڑ روپے کمی سے 5ہزار 927ارب 2کروڑ روپے کی سطح پر آگئی۔ پہلی ششماہی کے دوران سرکاری اداروں کو جاری کردہ قرضوں کی مالیت میں 117ارب 43کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ ان اداروں میں خسارے میں چلنے والے سرکاری ادارے پی آئی اے، پاکستان ریلوے، پاکستان اسٹیل و دیگر شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔