قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  منگل 22 جنوری 2019
ضلع بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا گیا ہے، کشمیر میڈیا سیل۔ فوٹو:فائل

ضلع بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا گیا ہے، کشمیر میڈیا سیل۔ فوٹو:فائل

سرینگر: مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران محاصرہ کرکے  3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ 24 گھنٹوں میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج کی تازہ جارحیت میں نوجوانوں کی شہادت پر شدید برفباری اور بارش کے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

قابض بھارتی فوج نے ظلم کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کیا جس سے خواتین، بزرگ اور بچے بھی محفوظ نہ رہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 2 کشمیری نوجوان شہید

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی قابض فوج نے دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع بڈگام میں سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی گئی، آپریشن کی آڑ میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔