پاک و ہند آغاز دوستی کی جانب سے’پیس کلینڈر‘ جاری

آصف محمود  منگل 22 جنوری 2019
’پیس کیلنڈر ‘ میں طلباءکی جانب سے بنائی گئی 6 تصاویر کو اشاعت کےلئے چن لیا گیا۔ فوٹونمائندہ ایکسپریس

’پیس کیلنڈر ‘ میں طلباءکی جانب سے بنائی گئی 6 تصاویر کو اشاعت کےلئے چن لیا گیا۔ فوٹونمائندہ ایکسپریس

نئی دہلی: انٹرنیشنل سینٹر نئی دہلی میں پاک وہند آغاز دوستی کی جانب سے نئی دہلی میں پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں اہم شخصیات کی موجودگی میں ساتواں ’پیس کلینڈر‘ جاری کردیا گیا۔

پاک و ہند آغاز دوستی کی تقریب میں کئی نامور شخصیات کے ساتھ ساتھ طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد بیان کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاک وہند دوستی برصغیر کے امن کے لئے انتہائی لازمی ہے۔ اس موقع پر مقررین نے دونوں ممالک کو امن کا پیغام دیتے ہوئے آپسی رشتوں کو استوار کرنے پر زور دیا۔ ’پیس کلینڈر‘ کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو نزدیک لاکر نفرتوں کو مٹانا اور محبتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ ’پیس کیلنڈر‘ میں پاک وہند کے طلباء کی جانب سے بنائی گئی تصاویر کو شائع کرنے کے سلسلے میں چھ اہم تصاویر کو بہترین مان کر کیلنڈر کی اشاعت کےلئے چن لیا گیا۔

واضح رہے کہ کلینڈر کی اجرائی کی تقریب کے علاہ اس موقع پر ایک سمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں پاک وہند کی جن سرکردہ شخصیات نے تقاریر کیں ان میں معروف اسکالر مولانا وحید الدین خان، (اٹل بہاری واجپائی کے خاص ساتھی) سدھیندرا کلکرنی، میجر جنرل ٹی کے کول ایگزیکیٹو صدر پاک وہند شامل ہیں۔ جب کہ  فوجی امن مذاکرات نے پاکستانی لفٹینٹ جنرل ہمایوں بنگش کا پیغام پڑھ کر حاضرین کو سنایا۔

اس کے علاوہ میجر جنرل ایم اے نائیک، سینئر صحافی حسن لسکر، بریگیڈیئر انیل ملہوترا نے بھی خطاب کیا۔ ’پیس کلینڈر‘ میں جن 12 اہم شخصیات کے پیغامات موجود ہیں ان میں ہندوستان کے مولانا وحید الدین خان، نندیتا داس، میجر جنرل ٹی کے کول، پروفیسر ہپی مون جیکب، رانا صفوی، راج گوپا پی وی اور پاکستان کے مہمل سرفراز، حسین نقی، امرناتھ رندھاوا، ڈاکٹر اشوک کمار، ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ اور عائشہ جلال ہیں۔

اس موقع پر کنوینر دیویکا متل اور روی نتیش نے بتایا کہ’پاک وہند آغاز دوستی‘ کے تحت آج تک دونوں ممالک کے سات ہزار طلبا کو امن کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کےلئے 25 امن اجلاس پاک وہند میں منعقد کئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔