میٹرک جنرل گروپ ریگولراور پرائیویٹ کے نتائج جاری، تینوں پوزیشنز طالبات نے لیں

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 18 جولائی 2013
میٹرک جنرل گروپ کے امتحانات میں حسب سابق اپنی ناقص کاکردگی کے سبب کراچی کاکوئی سرکاری اسکول پوزیشن حاصل نہ کرسکا۔ فوٹو: فائل

میٹرک جنرل گروپ کے امتحانات میں حسب سابق اپنی ناقص کاکردگی کے سبب کراچی کاکوئی سرکاری اسکول پوزیشن حاصل نہ کرسکا۔ فوٹو: فائل

کراچی:  ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن نے میٹرک جنرل گروپ (ریگولر و پرائیویٹ) کے سالانہ امتحانات برائے سال 2013کے نتائج جاری کردیے۔

میٹرک جنرل گروپ کے امتحانات میں حسب سابق اپنی ناقص کاکردگی کے سبب کراچی کاکوئی سرکاری اسکول پوزیشن حاصل نہ کرسکا اور تینوں پوزیشنز نجی اسکولوں کے پاس رہیں، ابتدائی دوپوزیشنز اقرا حفاظ گرلز اسکول نے حاصل کی، امتحانات میں تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کی، بورڈکے ناظم امتحانات نعمان احسن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک بی کے اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول کی طالبہ حافظہ حفصہ بنت قمرکل850نمبروں میں سے776 نمبر لیکر پہلی پوزیشن اپنے نام رکھی۔

جبکہ اسی اسکول کی حافظہ عائشہ الیاس بنت محمد الیاس زمیل نے765نمبر لیکر دوسری جبکہ عامل کالونی سولجر بازارکے ماما بے بی کیئر کینڈر گارڈن پی؍ایس اسکول کی طالبہ طوبیٰ عمران بنت عمران نے 756 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

میٹرک جنرل گروپ (ریگولر؍پرائیویٹ)کیلیے مجموعی طور پر 27766 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی تھی جس میں 20311 ریگولراور 7455پرائیویٹ امیدوار شامل تھے، مجموعی طورپر25470 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جس میں19345 کا تعلق ریگولراور6125 کاتعلق پرائیویٹ گروپ سے تھا۔

ریگولر جنرل گروپ میں 282طلبا نے اے ون گریڈ حاصل کیا، اس کے برعکس پرائیویٹ گروپ میں11طلبا اے ون گریڈ لے سکے، ریگولر گروپ میں 1521نے اے، 3237نے بی،4702 نے سی،2953نے ڈی اور 208 نے ای گریڈ میں امتحان پاس کیا، ریگولرگروپ میں کل 12903طلبہ کامیاب ہوئے اورکامیابی کاتناسب 63.53 فیصد رہا، اسی طرح پرائیویٹ گروپ میں231نے اے گریڈ،1083نے بی،1693 نے سی، 933نے ڈی،81نے ای گریڈ میں کامیابی حاصل کی کل4032 طلبہ پرائیویٹ گروپ میں کامیاب ہوئے اورکامیابی کا تناسب 54.085 فیصد رہا، مزیدبراں میٹرک جنرل گروپ ریگولرمیں رجسٹرڈطلبہ میں سے 4883طلبااور 15428طالبات شامل تھیں، جنرل گروپ میں 5481طلبا اور1974 طالبات شریک ہوئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔