کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 120 پوائنٹس ریکور

بزنس رپورٹر  جمعـء 19 جولائی 2013
مارکیٹ سرمائے 33 ارب61 کروڑ روپے بڑھ گیا، کاروباری حجم21 فیصدکم، 18 کروڑ23 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

مارکیٹ سرمائے 33 ارب61 کروڑ روپے بڑھ گیا، کاروباری حجم21 فیصدکم، 18 کروڑ23 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو اتارچڑھاؤ کے بعد دوباری تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی23000 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔

62.68 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں33 ارب61 کروڑ11 لاکھ92 ہزار696 روپے کا اضافہ ہو گیا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں اور این بی ایف سیز کی جانب سے مجموعی طور پر30 لاکھ50 ہزار939 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر97 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے18 لاکھ5 ہزار230 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے3 لاکھ11 ہزار318 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے9 لاکھ15 ہزار499 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے18 ہزار891 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی،۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس120.25 پوائنٹس کے اضافے سے23114.97 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس81.21 پوائنٹس کے اضافے سے 18070.17 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 266.78 پوائنٹس کے اضافے سے40134.47 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 21.42 فیصدکم رہا اور مجموعی طور پر18 کروڑ23 لاکھ11 ہزار980 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار343 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں215 کے بھاؤ میں اضافہ، 104 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ29 روپے بڑھ کر1880 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ23 روپے بڑھ کر1800 روپے ہوگئے جبکہ پیکیجز لمیٹڈ کے بھاؤ9.87 روپے کم ہو کر 235.13 روپے اور اٹلس بیٹری کے بھاؤ7.84 روپے کم ہوکر372.61 روپے ہو گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔