روس میں 2 بحری جہازوں میں آتشزدگی سے 11 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 22 جنوری 2019
ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں آئل کی منتقلی کے دوران آگ بھڑک اُٹھی۔ فوٹو : رائٹرز

ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں آئل کی منتقلی کے دوران آگ بھڑک اُٹھی۔ فوٹو : رائٹرز

 ماسکو: کریمیا اور روس کو علیحدہ کرنے والی بحری سرحد کرچ اسٹریٹ میں دو بحری جہازوں میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی بحری سرحد کے نزدیک دو جہازوں میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، ایک جہاز میں قدرتی گیس کو مائع حالت میں لے جایا جا رہا تھا جب کہ دوسرا ٹینکر ہے۔

جہازوں میں دھماکے ساتھ آگ بھڑک اُٹھی اور 11 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر افراد نے سمندر میں کود کر جان بچائی۔ ریسکیو اداروں نے 12 افراد کو سمندر سے بحفاظت نکال لیا ہے۔

تنزانیہ کے جھنڈا بردار دونوں جہازوں میں آگ اس وقت بھڑکی جب ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں آئل منتقل کیا جا رہا تھا۔ جہاز کے عملے میں بھارت، ترکی اور لیبیا کے باشندے شامل تھے تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

حادثے کے شکار ایک جہاز کا نام کینڈی ہے جس میں 17 افراد سوار تھے جن میں 9 ترکی اور 8 بھارتی باشندے تھے اسی طرح دوسرے جہاز میسٹرو میں عملے کے 15 ارکان موجود تھے جن میں ترکی اور بھارت کے 7،7 باشندے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔