کیا ہر معاملے میں نیب کو ٹانگ اڑانا ضروری ہے، سندھ ہائی کورٹ

ویب ڈیسک  منگل 22 جنوری 2019
نیب لوگوں کو غیر ضروری تنگ کرتا ہے، چیف جسٹس احمد علی شیخ فوٹو:فائل

نیب لوگوں کو غیر ضروری تنگ کرتا ہے، چیف جسٹس احمد علی شیخ فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ نیب لوگوں کو غیر ضروری تنگ کرتا ہے اور کیا ہر معاملے میں اس کا ٹانگ اڑانا ضروری ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منصوبوں میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ نجی کمپنی کے انجنیئر کے خلاف نیب انکوائری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیے کہ کیا ہر معاملے میں نیب کو ٹانگ اڑانا ضروری ہے؟، نیب لوگوں کو غیر ضروری تنگ کرتا ہے، انہیں کیا معلوم متاثرہ شخص کس تکلیف سے گزرتا ہے؟، دو سالوں والا کام بھی نیب کی وجہ سے دس سال میں بھی نہیں ہوتا۔

عدالت نے ملزم اقبال قریشی کی عبوری ضمانت کی توثیق کرتے ہوئے ملزم کو دس لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیا۔

نیب نے جواب میں کہا کہ ملزم نے 1997 میں رہائشی منصوبے کیلئے ایم ڈی اے سے 13 کروڑ روپے لیے، ملزم نے منصوبہ تاخیر سے مکمل کیا،ملزم کے خلاف انکوائری جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔