پنجاب حکومت نے عوامی مقامات پر وائی فائی کی مفت سہولت بند کردی

آصف محمود / نمائندہ ایکسپریس  منگل 22 جنوری 2019
لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بھی وائی فائی کی مفت سہولت بھی بند ہوگئی فوٹو: فائل

لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بھی وائی فائی کی مفت سہولت بھی بند ہوگئی فوٹو: فائل

 لاہور: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وائی فائی کی مفت سہولت بندکردی گئی ہے۔ 

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی طرف سے دوسال سے عوامی مقامات پرشہریوں کو وائی فائی کی مفت سہولت دی جارہی تھی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈنے 2017 میں شہریوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت لاہور،ملتان اورراولپنڈی میں 200 سے زائد مقامات پر شہریوں کو سہولت مہیا کی جارہی تھی ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے ریلوے اسٹیشن ، میٹرواسٹیشن، ائیرپورٹ ، کالجز، یونیورسٹیوں اورپبلک مقامات پر وائی فائی کی مفت سہولت دی گئی تھی جسے اب بند کردیا گیا ہے۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے ذرائع کے مطابق وائی فائی کی مفت سہولت پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی طرف سے فراہم کی جارہی تھی لیکن پی ٹی سی ایل کو ابھی تک 15 کروڑ روپے واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہے، ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو جاری رکھنے کے لئے 19 کروڑ روپے درکار ہیں لیکن پنجاب حکومت نے اس اقدام کو سرکاری خزانے پر بوجھ قراردیتے ہوئے بندکردیا ہے ، بجٹ میں بھی اس منصوبے کے لئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے پرکام کرنے والے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے ملازمین کو بھی فارغ کردیا جائیگا۔

وائی فائی کی مفت سہولت بند ہونے پرعام شہریوں کے علاوہ طلبا وطالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، یونیورسٹی اورکالجز کے طلبا وطالبات اس سہولت سے خاصے مستفید ہورہے تھے، لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے بھی وائی فائی کی مفت سہولت میسرتھی جواب بند ہوگئی اسی طرح لاہورائیرپورٹ ، میٹروبس اسٹیشن ، لاہورریلوے اسٹیشن سمیت دیگرپبلک مقامات پروائی فائی کی سہولت بندہونے سے شہریوں کو مشکل اورپریشانی کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔