قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی

ویب ڈیسک  منگل 22 جنوری 2019
عمران خان نے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی (فوٹو: نیوز ایجنسی)

عمران خان نے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی (فوٹو: نیوز ایجنسی)

دوحا: قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی وزیر اعظم عمران خان کی درخواست منظور کرلی عمران خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ قطر مکمل ہوگیا ہے اور  وزیراعظم کے قطر کے دورے کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے،  جس کے مطابق وزیر اعظم  نے امیر قطر اور امیر قطر کے والد سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دورے میں وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ظہرانہ بھی دیا گیا۔

یہ پڑھیں: وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات؛ دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون پر بات چیت

حکومت پاکستان نے قطری قیادت کو ایک لاکھ پاکستانی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جس کا مثبت جواب دیتے ہوئے قطرنے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ وزیر اعظم عمران خان نے درخواست قبول کرنے پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ قطر نے پاکستانی چاول کی امپورٹ پر پابندی بھی ختم کردی، جب کہ قطری قیادت کی جانب سے بتایا گیا کہ قطر پاکستان میں 2 نئے گیس پاور پلانٹس لگائے گا اور پی آئی اے کی بحالی میں معاونت کرےگا۔

یہ پڑھیں: پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، وزیر خارجہ

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2022ء میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی اور امیرقطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کے ساتھ قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے، زراعت، پٹرولیم، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔