متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر پاکستان کو موصول

ویب ڈیسک  منگل 22 جنوری 2019
ڈائریکٹر جنرل ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے معاہدے پر دستخط کیے (فوٹو: ٹوئٹر)

ڈائریکٹر جنرل ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے معاہدے پر دستخط کیے (فوٹو: ٹوئٹر)

کراچی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے تین ارب ڈالر کی رقم اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں ہفتہ پاکستانیوں کے لیے خوشیوں کی نوید لے کر آرہا ہے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے 3 ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں جب کہ سعودی عرب سے بھی ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط رواں ہفتے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے گی۔

دفترخارجہ نے ٹوئٹ میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرا دیئے ہیں، ڈائریکٹرجنرل ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے معاہدے پر دستخط کیے، ابوظہبی کی معاونت سے معاشی اور اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملےگی۔

دریں اثنا قطر کے وزیر خزانہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں قطر کی جانب سے پاکستان کے لیے معاشی پیکیج کی حتمی تفصیلات پر مشاورت ہوئی۔ قطر کی جانب سے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے پیکیج کا اعلان کیا گیا جب کہ قطر پاکستان میں نئے گیس پاور پلانٹس بھی لگائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔