لارڈز ٹیسٹ؛ بیل نے کینگرو بولرز کا جینا دوبھر کردیا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعـء 19 جولائی 2013
لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش بیٹسمین ای ین بیل کا اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ، انھوں نے ایشز میں مسلسل تیسری سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کردیا۔  فوٹو: گیٹی امیجز

لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش بیٹسمین ای ین بیل کا اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ، انھوں نے ایشز میں مسلسل تیسری سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کردیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز

لندن: ای ین بیل نے کینگرو بولرز کا جینا دوبھر کر دیا، انھوں نے مسلسل تیسری ایشز سنچری جڑنے والے چوتھے انگلش بیٹسمین کا اعزاز حاصل کیا۔

ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن7 وکٹ پر289 رنز اسکور کیے، جوناتھن  ٹروٹ اور جونی بیئراسٹو نے ففٹیز بنائیں، ریان ہیرس اور اسٹیون اسمتھ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق  سیریز میں برتری کی حامل انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، کپتان الیسٹر کک کے ساتھ جوائے روٹ اننگز کا آغاز کرنے میدان میںآئے، پانچویں اوور میں واٹسن کی ایک گیند سوئنگ ہو کر  کک  (12) کے پیڈز سے جا ٹکرائی، امپائر ایرسمس نے انگلی بلند کرنے میں کوئی تاخیر نہ کی، کک بھی ان کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی ہمت نہ کر پائے، اگلے اوور میں ہیرس نے روٹ (6) کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا مگر انھوں نے فیصلے کو ریویو کر دیا۔

تھرڈ امپائر ٹونی ہل  نے ری پلیز دیکھ کر یقین کر لیا کہ گیند پہلے پیڈز پھر بیٹ سے ٹکرائی تھی، ابھی میزبان ٹیم اس نقصان سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ اسی اوور کی آخری گیند کیون پیٹرسن (2) کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے گلوز میں محفوظ ہو گئی،28 رنز پر 3 وکٹیں لے کر کینگرو کرکٹرز خوشی سے پھولے نہ سمائے مگر وہ یہ بھول گئے کہ ای ین بیل ابھی باقی ہیں، دوسرے اینڈ پر موجود جوناتھن ٹروٹ بھی مثبت انداز سے بیٹنگ کر رہے تھے، دونوں نے آسٹریلوی بولرز کی خوش فہمی دور کرتے ہوئے دلکش کھیل پیش کیا،  چوتھی وکٹ کیلیے 99 رنز کی شراکت سے انگلش ٹیم کے اوسان بحال ہوئے، ٹروٹ 58 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رخصت ہوئے۔

ہیرس کی گیند پر انھوں نے پل شاٹ کھیلنا چاہا مگر ٹاپ ایج پر آسان کیچ عثمان خواجہ کا منتظر تھا، بیل نے بیئراسٹو کے ساتھ اسکور آگے بڑھانا شروع کیا، اسکور جب 21 ہوا تو کٹ شاٹ کھیلتے ہوئے وہ وکٹیں محفوظ نہ رکھ پائے، آسٹریلوی کرکٹرز بشمول بولر سڈل کی خوشی اس وقت غم میں بدل گئی جب امپائر نے ٹی وی آفیشل سے تصدیق کر لی کہ یہ نو بال تھی،اس کے بعد دونوں نے اسکور 271 تک پہنچا دیا، بیل نے شاندار سنچری مکمل کی، وہ 109 رنز بنانے کے بعد اسمتھ کی لیگ بریک پر سلپ میں کلارک کا کیچ بنے، یوں 144 رنز کی پارٹنر شپ بھی اختتام کو پہنچی۔

اسپنر نے اگلے اوور میں بیئراسٹو کا اپنی فل ٹاس گیند پر خود ہی کیچ تھام کر انگلینڈ کو ایک اور کاری ضرب لگائی، انھوں نے 67 رنز اسکور کیے، اسمتھ کی تباہ کاری جاری رہی، میٹ پرائر(6) نے ان کی گیند کو کٹ کرتے ہوئے ہیڈن کو کیچ تھما دیا، ٹم بریسنن اور جیمز اینڈرسن نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی، دونوں بالترتیب 7 اور4 رنز پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ نے 89 اوورز میں 7 وکٹ پر289 رنز اسکور کیے، ہیرس نے انجریز کو پرے دھکیلتے ہوئے43 رنز کے عوض 3 پلیئرز کو آؤٹ کیا،  اسمتھ نے اتنی ہی وکٹوں کیلیے صرف18 رنز دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔