آئی پی ایل: فکسنگ کے بعد ڈوپنگ کا تنازع سامنے آگیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 19 جولائ 2013
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے پیسر سانگوان لیگ کے دوران لیے گئے ٹیسٹ میں ناکام۔ فوٹو: فائل

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے پیسر سانگوان لیگ کے دوران لیے گئے ٹیسٹ میں ناکام۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: آئی پی ایل میں فکسنگ کے بعد ڈوپنگ کا تنازع بھی سامنے آگیا، کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر پردیپ سانگوان لیگ کے دوران لیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے ہیں۔

سانگوان پاکستان کے فاسٹ بولر آصف کے بعد انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کے دوسرے کرکٹر ہیں جو ڈوپنگ میں ملوث پائے گئے، بی سی سی آئی کے ایک ٹاپ آفیشل کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں دیگر پلیئرز کے ساتھ سانگوان کا بھی ٹیسٹ لیا گیا جس میں ممنوعہ اجزا پائے گئے۔

وہ کے کے آر کے ساتھ دہلی کی بھی نمائندگی کرتے اس لیے ان کے بارے میں دہلی اینڈ ڈسٹرکٹس کرکٹ ایسوسی ایشن کو مطلع کردیا گیا ہے، اب بی سیمپل ٹیسٹ کے بعد سانگوان کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وہ  اب تک 38 فرسٹ کلاس میچز میں 123 ٹیسٹ وکٹیں لے چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔