پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں کوئی مسئلہ نہیں، رفیق رجوانہ

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعـء 19 جولائی 2013
سیاستدان طاقت کو نیچے منتقل کرنے کے حق میں نہیں ہیں،فرخ سلیم، کل تک میں گفتگو 
فوٹو : فائل

سیاستدان طاقت کو نیچے منتقل کرنے کے حق میں نہیں ہیں،فرخ سلیم، کل تک میں گفتگو فوٹو : فائل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے پاس بلدیاتی انتخابات کا مسودہ تیار ہے جو چند روز تک پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیاجائیگا ۔

لیکن عملی طورپر اس پر پیش رفت کے لئے کچھ وقت درکار ہے جس کی وجہ سے حکومت پنجاب  نے کچھ وقت مانگا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان اسد اللہ خان سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ہماری نیت بھی ٹھیک ہے لیکن حکومت نے قانون سازی کیلیے وقت مانگا ہے، میری میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ عوام کو حوصلہ دیں۔

تحریک انصاف کے رہنما اعجازچوہدری نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات نہ کراکر آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، ہ پچھلی حکومتیں مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوئی ہیں، چاروں صوبوں کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا اور اسی وجہ سے عدالت نے فوری انتخابات کرانیکی بات کی ہے کیونکہ عدالت ان کے مزاج سے اچھی طرح واقف ہے اور یہ نہیں چاہتے کہ بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں۔

تجزیہ کار فرخ سلیم نے کہاکہ کسی بھی ملک کے بارے میں تجزیہ کرنا ہوتو اس کے بلدیاتی سیٹ اپ کی سٹڈی کرنی چاہئے، ہمارے سیاستدان طاقت کو نیچے ٹرانسفر کرنے کے حق میں ہی نہیں ہیںابھی بھی مجھے لگ رہا ہے کہ حکومت کی نیت ٹھیک نہیں، ریاست کی بنیادی ذمہ داری عوام کو سروس دینا ہے اور بجلی گیس پانی سمیت بہت سی بنیادی چیزیں مہیا کرنا ہے حالیہ الیکشن میں عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ اگر حکومت سروس نہیں دیگی تو جتنی بھی مقبول ہو عوام ان کو باہر پھینک دیں گے اور سروس ڈلیوری عوام کے نمائیندوں کے بغیر ممکن نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔