راجیو گاندھی کی بیٹی بھی بھائی کا ہاتھ بٹانےعملی سیاست میں آگئیں

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
پریانکا گاندھی کو اتر پردیش کا جنرل سیکرٹری مقرر کردیا گیا۔ فوٹو : فائل

پریانکا گاندھی کو اتر پردیش کا جنرل سیکرٹری مقرر کردیا گیا۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی بیٹی پریانکا گاندھی کو کانگریس میں جنرل سیکرٹری کا عہدہ دے دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا گاندھی کو رواں برس ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات کے موقع پر سیاست میں لانچ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ پریانکا کو کانگریس کے مضبوط علاقے مشرقی اترپردیش کی جنرل سیکرٹری کا عہدہ دے دیا گیا ہے۔

سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی کی پوتی اور راجیو گاندھی کی بیٹی پریانکا گاندھی اپنی ذمہ داریاں آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے سے سنبھال لیں گی۔ اُن کی والدہ سونیا گاندھی نے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوکر بیٹے راہول گاندھی کو کانگریس کی قیادت سونپ دی تھیں۔

پریانکا گاندھی اس سے قبل بھی انتخابی سیاست میں معمولی کردار ادا کرتی رہی ہیں اور اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ جلسوں میں شرکت بھی کی ہے تاہم گزشتہ برس سیاست میں بھرپور کردار کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد پارٹی کی تنظیم سازی کے عمل اور قیادت میں پہلی بار شامل ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے مضبوط قلعوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجھستان سے ہار گئی تھی اور لوک سبھا میں بھی شکست سے دوچار کرنے کے لیے کانگریس نے بھرپور تنظیم سازی کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔