اداکاری کے علاوہ کاروباری میدان میں بھی کامیاب بالی ووڈ فنکار

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
بالی ووڈ میں مشہوراداکار وماڈل مختلف برانڈز کے ساتھ معاہدہ کرکے کروڑوں کماتے ہیں فوٹوفائل

بالی ووڈ میں مشہوراداکار وماڈل مختلف برانڈز کے ساتھ معاہدہ کرکے کروڑوں کماتے ہیں فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی فلم نگری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ  اب کارپوریٹ سیکٹر کی شکل بھی اختیار کرچکا ہے جس سے منسلک ستارے ناصرف مختلف برانڈز کے ساتھ معاہدے کرکے کروڑوں کماتے ہیں وہیں کچھ اداکار ایسے بھی ہیں جنہوں نے ایک قدم آگے بڑھ کر باقاعدہ بزنس میں قدم رکھا اور کامیاب بزنس مین بھی کہلائے۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا شمار ناصرف بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے بلکہ وہ کامیاب بزنس مین بھی ہیں۔ کنگ خان کی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے نام سے پروڈکشن کمپنی ہے،  یہ کمپنی نا صرف فلمسازی کاکام کرتی ہے بلکہ دیگر پروڈکشن ہاؤسز کو ویژول ایفیکٹس اور اینیمیشن سروس بھی فراہم کرتی ہے۔ شاہ رخ خان اس کمپنی کے شریک بانی ہیں۔ اس کے علاوہ شاہ رخ خان نے آئی پی ایل میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے اور وہ کولکتہ نائٹ رائڈرز کے بانی ہیں۔  کنگ خان نے منافع بخش بزنس کڈز زینیا (بچوں کے پارک)میں بھی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔

شلپا شیٹھی

شلپا شیٹھی کامیاب اداکارہ کے ساتھ ساتھ کامیاب بزنس وومن بھی ہیں۔ شلپا اوران کے شوہر راج کندرا آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز کے مالک تھے تاہم آئی پی ایل میں فکسنگ کے الزامات کے بعد انہوں نے اپنے شیئرز فروخت کردئیے۔ آئی پی ایل کے علاوہ شلپا شیٹھی اپنے شوہر راج کندرا کے دیگر بزنس میں بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ ان کی اپنی پروڈکشن کمپنی اور اسپا کی چین بھی جو پورے بھارت میں پھیلی ہوئی ہے۔

سنیل شیٹھی

اداکار سنیل شیٹھی بالی ووڈ کے ماضی کے کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ کامیاب بزنس مین بھی ہیں۔ سنیل شیٹھی نے فٹنس کے بزنس میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے اور ان کے جم  پورے بھارت میں موجود ہیں۔ سنیل شیٹھی پوپ کارن نامی پروڈکشن کمپنی کے ساتھ  بوتیک کے مالک بھی ہیں۔ صرف یہی نہیں سنیل شیٹھی نے ریسٹورنٹ  کے بزنس میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ رئیل اسٹیٹ کے بزنس میں بھی قدم جمائے ہوئے ہیں۔

ٹوئنکل کھنہ

ٹوئنکل کھنا کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں تو نہیں ہوتا تاہم وہ کامیاب بزنس وومن ضرور ہیں۔ ٹوئنکل کھنا بھارت کی نامور مصنفہ ہیں جن کی کتابیں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہیں اس کے علاوہ وہ بھارت کی کامیاب کینڈل میکر ہیں۔  ٹوئنکل اوران کی والدہ ڈمپل کپاڈیا کی ’’دی وائٹ ونڈو‘‘کے نام سے کمپنی ہے جس کے ذریعے وہ  ڈیزائنر کینڈل بیرون ملک برآمد کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹوئنکل کھنا پروڈکشن کمپنی کی بھی مالک ہیں۔

اجے دیوگن

اداکار اجے دیوگن بھی کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ کامیاب بزنس مین ہیں۔ اجے دیوگن نے بھارتی ریاست گجرات میں چراناکا سولر پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ وہ اجے دیوگن فلمز نامی پروڈکشن ہاؤس کے بانی ہیں اس کے علاوہ شاہ رخ خان کی طرح ان کا ویژول ایفیکٹس اسٹوڈیو بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔