نوازشریف کے دل کے نچلے حصے کوخون کی فراہمی متاثر، تھیلیم اسکین کی رپورٹ

ویب ڈیسک  بدھ 23 جنوری 2019
گزشتہ روزپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے تھے فوٹو: فائل

گزشتہ روزپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے تھے فوٹو: فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کئے گئے تھیلم اسکین ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں ان کے دل کی ایک شریان میں معمول سے زیادہ تنگی کے اثرات ظاہر ہورہے ہیں۔

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں گزشتہ روزطبی معائنے کے دوران نوازشریف کا تھیلم اسکین ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا، جس میں نواز شریف کے دل کی ایک شریان میں معمول سے زیادہ تنگ ہونے کے اثرات ظاہرہورہے ہیں، شریان میں رکاوٹ کے باعث دل کے نچلے حصے کو خون کی فراہمی متاثر ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دل کی شریان میں رکاوٹ پرانی بھی ہوسکتی ہے۔ مرض کی حتمی تشخیص کے لئے نوازشریف کی اینجیو گرافی کی ضرورت بھی پیش آسکتی ہے۔

نوازشریف کی ای سی جی اورایکوکارڈیوگرافی رپورٹ بھی غیرتسلی بخش تھی، جن کی رپورٹس کے مطابق نوازشریف کے دل کے پٹھے سخت اوروال بھی معمول سے تنگ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نوازشریف کے تھیلم اسکین ٹیسٹ اورایکو کارڈیاگرافی ٹیسٹ کئے گئے تھے، نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان نے مطالبہ کیا ہے کہ نوازشریف کی صحت ایسی ہے کہ انہیں اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ماہرڈاکٹرزکی زیرنگرانی ان کا علاج ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔